نئی دہلی : قومی اردو کونسل کے ڈائریکٹر پروفیسر شیخ عقیل احمد نے ہندوستانی جمہوریت کے امتیازات اور خوبیوں پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے اور ہمیں اس پر فخر ہے ۔یہ بات انہوں نے 73ویں یومِ جمہوریہ کی مناسبت سے آج قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں پرچم کشائی کی تقریب میں کہی۔شیخ عقیل احمد نے کہا کہ اس سال جشنِ جمہوریت 23جنوری سے منانے کا فیصلہ کیا گیا اور 24جنوری کو آزاد ہند فوج کے راہنما اور عظیم مجاہد آزادی سبھاش چندر بوس کا یومِ پیدائش منایا گیا۔ اس موقعے وزیراعظم عزت مآب نریندر مودی نے سبھاش چندر بوس کے ہولوگرام مجسمے کی نقاب کشائی کی اور ملک کے تئیں ان کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے احسانات اور عظیم کردار کو یاد کیا۔ شیخ عقیل نے کہا کہ سبھاش چندر بوس ہماری تاریخ آزادی کا ایک نمایاں نام ہیں، جن کی خدمات کا حکومتِ ہند ان کے شایانِ شان اعتراف کر رہی ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر ملک کے تحفظ میں ہندوستانی افواج کی شجاعت، بہادری اور ایثار و قربانی کا خصوصی طور پر ذکر کیا اور کہا کہ انھی کی قربانیوں کی وجہ سے ہمارا ملک محفوظ ہے اور جب بھی ضرورت پڑی ہے انھوں نے اس ملک کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا ہے ۔