بیجنگ : ہندوستان، چین کیلئے سیکوریٹی خطرہ نہیں کیونکہ وہ اب بھی بیجنگ کی دفاعی پیداوار اور جدیدیت کے برابر نہیں آسکا ہے۔ یہ بات چین کے فوجی عہدیداران نے سنگاپور میں منعقدہ شنگری۔لا ڈائیلاگ میں میڈیا سے گفتگو میں کہی۔ چین کے فوجی حکام کا کہنا تھا کہ ہندوستان اب بھی چینی فوج کی برابری میں بہت دور ہے، بالخصوص دفاعی صنعت میں۔ انہوں نے کہا لیکن چینی فوج اس کے باوجود علاقائی تنازعات کے حل کیلئے مذاکرات اور دو طرفہ روابط کو ترجیح دے گی۔ واضح رہے کہ دونوں ممالک کی افواج ہمالیہ کے علاقہ میں مشترکہ سرحد پر مختلف تنازعات کا شکار ہیں۔ چینی فوج کی اکیڈیمی برائے ملٹری سائنسز کے سینئر کرنل ڑاؤ شیاؤڑو نے کہا کہ اگلی دہائیوں میں بھی ہندوستان کا چین کی فوج کے مقابل آنے کا امکان نہیں ہے کیونکہ اس کا صنعتی انفرااسٹرکچر کمزور ہے جبکہ چین نے دفاعی صنعت کو بہت منظم کیا ہے۔