ہندوستانی ٹیم چارٹر طیارہ سے 3 جون کو انگلینڈ پہنچے گی

   

دبئی۔ برطانیہ کی حکومت کی طرف سے عالمی ٹسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی ) کے فائنل کو اپنی ہیلتھ سیکیورٹی ضابطوں سے رعایت دینے کے بعد بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے ہندوستانی ٹیم کو برطانیہ پہنچنے پر لاجسٹک چھوٹ ملنے کی تصدیق کی ہے ۔ آئی سی سی نے بیان میں کہا ہندوستانی ٹیم 3 جون کو چارٹر طیارہ سے انگلینڈ پہنچے گی جو فی الحال ممبئی میں قرنطینہ میں ہے ۔ دورے پر جانے والے سبھی ارکان کو اپنے ساتھ کورونا کی منفی رپورٹ لے جانی ہوگی۔ انگلینڈ پہنچنے پر ٹیم سیدھے ہیمپشائر باول واقع ہوٹل میں جائے گی جہاں قرنطینہ شروع کرنے سے پہلے سبھی اراکین کا پھر سے کورونا ٹسٹ کیا جائے گا۔ جیسا کہ پہلے بتایا گیا تھا ٹیم کے کچھ معاون عملہ کے اراکین، ٹرینر نک ویب، تھروڈاون ماہرین نوان سنورتنے انگلینڈ میں ہی ٹیم میں شامل ہوںگے ۔ سمجھا جاتا ہے کہ سنورتنے سری لنکا میں قرنطینہ میں ہیں جبکہ ویب نیوزی لینڈ میں ہیں۔ خیال رہے کہ کھلاڑیوں اور دیگر اراکین کے خاندان کے لوگ جو ان کے ساتھ برطانیہ جانا چاہتے ہیں وہ ممبئی میں کھلاڑیوں کے ساتھ قرنطینہ کی مدت مکمل کررہے ہیں لیکن اطلاعات کے مطابق ابھی تک ان کا ویزا نہیں آیا ہے اور سخت سفر کی پابندیوں کو دیکھتے ہوئے اس کیلئے بڑے پیمانے کی مداخلت کی ضرورت ہوسکتی ہے ۔