سدھارتھ سنگھ
آج کل سارے ہندوستان میں اس بات پر بحث چل رہی ہے کہ اپوزیشن حکومت کی تبدیلی کے لیے جو کوشش کر رہی ہے اور جو طلبہ احتجاج کر رہے ہیں، کہیں وہ بنگلہ دیش، نیپال اور سری لنکا میں حالیہ عرصے کے دوران ہونے والی حکومت کی تبدیلی کی نقل تو نہیں ہے۔ جہاں تک بنگلہ دیش میں حکومت کی تبدیلی کا سوال ہے، اس بارے میں میڈیا میں حالیہ بیانات کو دیکھتے ہوئے غالب امکان ہے کہ لوگ جولائی 2024ء میں وہاں ہونے والی عوامی بغاوت کی اصل وجوہات کے بارے میں ایک انتہائی مسخ شدہ اور یک طرفہ تصور لے کر بیٹھے ہیں۔ بی جے پی حکومت ہندوستان کے عوام کو جس بات کا یقین دلانا چاہتی ہے، اس کا اظہار گزشتہ ہفتے آنند رنگناتھن کے اخبار دی ٹائمز آف انڈیا کو دیے گئے انٹرویو سے بخوبی ہوتا ہے۔ اس انٹرویو میں انہوں نے بنگلہ دیش کی عوامی بغاوت کو ہندوؤں کے خلاف نسل کشی قرار دیا اور کہا کہ یہ پرتشدد انقلاب جہادیوں نے برپا کیا تھا۔ اس نظریے کے مطابق، جیسا کہ پرشانت بھوشن اور نیہا بورا نے بھی اشارہ کیا ہے، ہندوستان کی جن زی کی احتجاجی تحریک کا مقصد بنگلہ دیش میں پیش آنے والے واقعات کو ہندوستان میں بھی دہرانا ہے، یعنی ایک سازشی اور خونریز بغاوت کے ذریعے حکومت کا تختہ الٹنا۔ یہ تصور اپنے تمام پہلوؤں سے انتہائی غلط ہے اور اسے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ یعنی آر ایس ایس کے حلقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کھلے عام پھیلا رہے ہیں۔ تاہم ان کے سیاسی مخالفین یعنی انڈیا اتحاد کے رہنماؤں نے بھی کسی نہ کسی انداز میں اس بات پر اصرار کیا ہے کہ ہندوستان بنگلہ دیش نہیں ہے اور پڑوسی ملک میں ہونے والی بغاوت بنیادی طور پر ایک پرتشدد واقعہ یا تبدیلی تھی جسے ہندوستان میں نہیں دہرایا جانا چاہیے۔ یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ یہ موقف کیوں غلط ہے۔ کیا بنگلہ دیش میں بڑے پیمانے پر اور انتہائی وحشیانہ تشدد ہوا تھا؟ اس کا جواب ’ہاں‘ میں ہے۔ فروری 2025ء میں اقوامِ متحدہ کے دفتر برائے انسانی حقوق نے اس واقعے کے حوالے سے اب تک دستیاب انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا سب سے جامع ریکارڈ شائع کیا۔ یہ 15 جولائی سے 5 اگست تک ہونے والے واقعات پر ایک حقائق پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ تھی۔ رپورٹ میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اس عرصے کے دوران فائرنگ اور مختلف نوعیت کے ہجومی تشدد کے واقعات میں کم از کم 1400 یعنی ایک ہزار چار سو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ امکان ہے کہ حقیقی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہو۔ اقوامِ متحدہ کی انسانی حقوق کی ٹیم نے ان میں سے متعدد ہلاکتوں کو تفصیلی طور پر ریکارڈ کیا اور ان واقعات کی مکمل تفصیلات مرتب کیں۔ لیکن کیا ان پرتشدد ہلاکتوں کے ذمہ دار بنگلہ دیش کے مظاہرین تھے؟ اس کا جواب ’نہیں‘ میں ہے۔ اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 75 فیصد تشدد کے واقعات کی ذمہ بنگلہ دیش کی اس وقت کی حکومت اور سیکورٹی فورس تھی بنگلہ دیش کے جن زی مظاہرین نے شیخ حسینہ کو فوجی ہتھیاروں کے استعمال سے اقتدار سے بے دخل نہیں کیا۔ بعض واقعات میں تو مبینہ طور پر ہاسٹل کی طالبات نے باورچی خانے کے برتنوں سے عوامی لیگ کے غنڈوں کا مقابلہ کیا۔ تاہم، یہ وہی ہتھیار ہیں جن کے استعمال اور تیاری کے لیے حسینہ حکومت جانی جاتی ہے، اور اسی لیے انہوں نے غیر مسلح مظاہرین کو دبانے اور انہیں ہلاک کرنے کے لیے واضح طور پر ان ہی ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
رپورٹ کے مطابق، حسینہ حکومت نے احتجاجی تحریک کو کچلنے کے لیے مسلح عناصر کے مسلسل وسیع ہوتے دائرے کو متحرک کیا اور بتدریج انتہائی پرتشدد طریقے استعمال کیے۔ اس دوران انسانی حقوق کی سنگین اور منظم پامالی کی گئی، جن میں سینکڑوں ماورائے عدالت ہلاکتیں، غیر قانونی طاقت کے استعمال سے ہزاروں افراد کا شدید زخمی ہونا، اور بڑے پیمانے پر من مانی گرفتاریاں، نظربندیاں، تشدد اور بدسلوکی کی دیگر صورتیں شامل ہیں۔بھارت میں تشدد اور حکومت کی تبدیلی کے خلاف ظاہر کی جانے والی بیزاری سراسر منافقانہ ہے، کیونکہ چودہ سو افراد کا قتل عام بلاشبہ ایک گھناؤنا اور وحشیانہ فعل ہے؛ مگر اس کے باوجود ہم نے اس کے اصل مرتکب کو پناہ دی اور متاثرین کو ایک ہی رنگ میں رنگنے، انہیں جہادی قرار دینے اور اپنے داخلی مفادات کے موافق من گھڑت بیانیے بنانے میں اپنی بے پناہ توانائیاں جھونک دیں۔
اہم بات یہ ہے کہ امور خارجہ کی پارلیمانی قائمہ کمیٹی کی جانب سے ہندوستان۔ بنگلہ دیش تعلقات پر شائع ہونے والی دو متواتر رپورٹوں میں حسینہ کو پناہ دینے کا باقاعدہ جواز پیش کیا گیا ہے۔ بظاہر نئی دہلی میں ان کا قیام بھارتی ریاست کی تہذیبی اقدار اور اس انسانی روایت کا مظہر قرار دیا جاتا ہے جس کے تحت شدید مصیبت یا وجودی خطرات سے دوچار افراد کو پناہ دی جاتی ہے۔ مگر اس بات پر یقین کرنا مشکل ہے، خاص طور پر پہلگام کے بعد کے اس ایک سال کے تناظر میں جب چھاپوں کے ذریعے تارکین وطن مزدوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا اور انہیں درانداز ہونے کے عموماً غلط شبہ میں سرحد پار بنگلہ دیش دھکیل دیا گیا۔ درحقیقت، جس وقت حسینہ بھارت میں داخل ہو رہی تھیں، کم از کم سات سو ہندو بنگلہ دیشیوں نے سرحد پار کرنے کی کوشش کی مگر بارڈر سیکیورٹی فورسز نے انہیں وہیں سے واپس موڑ دیا۔
چنانچہ حسینہ کے لیے تو پناہ اور تہذیبی اقدار میسر ہیں، جو ان اٹھتر فیصد خلاف ورزیوں کی قصوروار ہیں جن سے بظاہر ہمیں گھن آتی ہے؛ لیکن اگر آپ محنت کش طبقے سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن مزدور ہیں، خواہ بنگلہ دیشی ہوں یا خود بھارتی، تو آپ کے ساتھ وہی ہوتا ہے جس کا آپ کو حقدار سمجھا جاتا ہے، یعنی سویندو ادھیکاری کی شناخت کرو، خارج کرو اور بے دخل کرو کی پالیسی، یا پھر جاری خصوصی تفصیلی نظرثانی کا عمل۔