٭دونوں ہی ٹیموں کی ٹسٹ چمپین شپ کے فائنل پر نظریں مرکوز
٭انگلش کپتان روٹ کا 100 واں ٹسٹ
٭محمد سراج یا ایشانت شرما؟انتظامیہ کیلئے مشکل فیصلہ
چینائی۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے مابین جمعہ کو ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں چار ٹسٹ میچوں کی سیریز میں دونوں ٹیمیں آئی سی سی عالمی ٹسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں اپنی جگہ یقینی بنانے کے ارادے سے اتریں گی۔ ہندوستان اور انگلینڈ اپنی گزشتہ سیریز جیت کر اس مقابلے میں بلند حوصلہ کے ساتھ اتررہی ہیں اور یہاں پہلے دونوں ٹسٹ کھیلے جائیں گے ۔ یہ سیریز عالمی چیمپئن شپ کے لحاظ سے کافی اہم ہے اور دونوں ہی ٹیموں کے لئے فائنل میں جگہ بنانے کا آخری موقع ہے ۔ہندوستان نے اپنی گزشتہ سیریز میں آسٹریلیا کو اسی کی سرزمین پر 2-1 سے شکست دی تھی جبکہ انگلینڈ کی ٹیم سری لنکا کو 2-0 سے کلین سویپ کرکے ہندوستان پہنچی ہے ۔ ہندوستان اس وقت آئی سی سی ورلڈ ٹسٹ چیمپیئن شپ میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا کے بعد چوتھے نمبر پر ہے ۔ آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ کا اپنا آئندہ دورہ ملتوی کردیا ہے جس سے دوسرے نمبر پر موجود نیوزی لینڈ نے فائنل میں جگہ بنالی ہے ۔ فائنل کی دوسری ٹیم کے لئے مقابلہ اب تین ٹیموں ہندوستان ، آسٹریلیا اور انگلینڈ تک محدود ہوگیا ہے ۔ ہندوستان اور انگلینڈ سیریز سے ہی فائنل کی دوسری ٹیم کا فیصلہ ہوگا، جو رواں سال جون میں انگلینڈ کے لارڈز گراؤنڈ میں کھیلا جانا ہے ۔ ہندوستان۔ انگلینڈ سیریزکا نتیجہ ہے طے کرے گا کہ ان تین ٹیموں میں سے کون سی ٹیم فائنل میں پہنچے گی۔ ہندوستان نومبر2019 میں کولکتہ کے ایڈن گارڈن گراؤنڈ میں بنگلہ دیش کے خلاف ڈے نائٹ ٹسٹ کھیلنے اور کورونا وبا کے بعد گھریلو سرزمین پر اپنا پہلا ٹسٹ کھیل رہا ہے ۔ ہندوستان کے تمام بڑے کھلاڑی چند کھلاڑیوں کے علاوہ سبھی فٹ ہیں اور ویراٹ کوہلی کی کپتانی میں ٹیم کو انگلینڈ کو چیلنج دینے کے لئے ایک مضبوط الیون کا منتخب کرنا ہوگا۔ جب ہندوستان نے آسٹریلیا کے شہر برسبین میں چوتھا اورآخری ٹیسٹ جیتا تو اس کے بہت سے اہم کھلاڑی زخمی ہوکر میچ سے باہر ہوگئے تھے اور برسبین کے گابا گراؤنڈ میں ہندوستان نے تاریخی فتح حاصل کی تھی۔ٹیم نے پہلے ٹیسٹ کیلئے حتمی الیون کا اعلان نہیں کیا ہے ۔ وکٹ کیپر کے لئے ورِدھمن ساہا اور رشبھ پنت کے درمیان ایک بار پھر مقابلہ رہے گا ۔ اگرچہ پنت نے گابا گراؤنڈ پر میچ وننگ اننگز کھیلی تھی لیکن ان کی وکٹ کیپنگ میں ابھی بھی خامیاں ہیں اور ساہا ہندوستان کی اسپن کی مددگار پچوں پر اسپنرز کے سامنے وکٹوں کے پیچھے زیادہ کارگر ثابت ہوسکتے ہیں۔ اگر ہندوستانی ٹیم تین اسپنرز کے ساتھ اترنے کا فیصلہ کرتی ہے تو ساہا کو ان کی بہتر وکٹ کیپنگ کی وجہ سے ترجیح ملے گی۔آف اسپنر روی چندرن اشون کا کھیلنا طے ہے اور اگر ہندوستان تین اسپنرز کے ساتھ اترنا چاہتا ہے تو چائنامین کلدیپ یادو کو موقع مل سکتا ہے ۔ کلدیپ آسٹریلیا میں ایک ٹسٹ بھی نہیں کھیل سکے تھے ۔ تیسرے اسپنر کے لئے اسپن آل راؤنڈر واشنگٹن سندر اوراکشر پٹیل کے بیچ مقابلہ رہے گا۔ سندر آف اسپن بولنگ کرتے ہیں جبکہ پٹیل بائیں ہاتھ کے اسپنر ہیں۔ہندوستان کے دونوں ٹاپ فاسٹ بولر ایشانت شرما اور جسپریت بمراہ مکمل طور پر فٹ ہیں اور چینائی میں وہ انگلینڈ کے سامنے سخت چیلنج پیش کریں گے ۔ ایشانت آسٹریلیا کے دورے میں نہیں کھیلے تھے جبکہ بمراہ کو چوتھے ٹسٹ سے باہر کردیا گیا تھا۔ اگر تیسرے فاسٹ بولرکو موقع دینے کی بات سامنے آئی تو محمد سراج کی دعویداری مضبوط ہوگی اور کلدیپ یادو کو بھی باہر بیٹھنا پڑسکتا ہے ۔ سری لنکا کے دورے میں ڈبل سنچری اور ایک سنچری بنانے والے کپتان جو روٹ کا 100 واں ٹسٹ ہوگا۔ روٹ نے ہندوستان میں ٹسٹ کیریئر کا آغاز 2012 میں ناگپور میں کیا تھا اور اب وہ ہندوستان میں ہی اپنا 100 واں ٹسٹ کھیلنے جا رہے ہیں۔