امیر جماعت اسلامی سعادت اللہ حسینی کا ردعمل
حیدرآباد۔ 11 مئی (سیاست نیوز) امیر جماعت اسلامی ہند جناب سید سعادت اللہ حسینی نے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا۔ امیر جماعت اسلامی ہند نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جنگ بندی کا خیرمقدم کرتے ہیں، یہ ایک مثبت اور نہایت ضروری پیشرفت ہے جو خطہ میں امن و استحکام کی نئی امید فراہم کرتی ہے۔ ان تمام افراد، سیول سوسائٹی تنظیموں اور قومی و بین الاقوامی اداروں کی ستائش کی جنہوں نے کشیدگی کے ماحول میں امن اور تناؤ کو ختم کرنے کے لئے آواز اٹھائی تھی۔ جناب سعادت اللہ حسینی نے کہا کہ ہم ان تمام خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں جنہوں نے اس تنازعہ میں اپنے عزیزوں کو کھویا ہے۔ انہوں نے حکومت ہند سے مطالبہ کیا کہ وہ ملک پر جان نچھاور کرنے والے اور سرحد پار گولہ باری میں فوت ہونے والے افراد کے پسماندگان کو مناسب معاوضہ فراہم کرے۔ سرحدی علاقوں میں بسنے والے شہریوں کے نقصانات کی پابجائی اور انہیں دوبارہ روزگار سے منسلک کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی ایک نئے باب کا آغاز ہے اور امید کی جاتی ہے کہ پائیدار امن کا حصول بات چیت اور سفارتی روابط کے ذریعہ ممکن ہے۔ جماعت اسلامی ہند امن، انصاف اور ہم آہنگی کے مقاصد سے گہری وابستگی کا اظہار کرتی ہے۔ 1