شمالی اور مغربی حصوں میں 27 ہوائی اڈے بند کرنے حکومت کا فیصلہ، مسافرین کو مشکلات
نئی دہلی :پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے بعد ہندوستانی مسلح افواج نے ’آپریشن سندور‘ کے ذریعہ پاکستان کو سخت جواب دیا اور اس آپریشن کے بعد دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ اس بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر حکومت ہند نے کئی حفاظتی اقدام اٹھائے ہیں۔ ان میں ملک کے شمالی اور مغربی حصوں میں واقع تقریباً 27 ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کرنا بھی شامل ہے۔ ساتھ ہی سیکورٹی وجوہات کی بنا پر 400 سے زائد پروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔ہوائی اڈوں کو عارضی طور پر بند کرنے اور بڑے پیمانے پر پروازوں کی منسوخی سے مسافرین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لیکن حکومت نے یہ فیصلہ مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور ہوائی اڈوں پر سیکورٹی کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے لیا ہے۔ میڈیاکے مطابق جن پروازوں کو 10 مئی تک کے لیے منسوخ کیا گیا ہے ان میں انڈیگو، اسپائس جیٹ، اکاسا ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس سمیت کئی ایئر لائن کی کمپنیاں شامل ہیں۔جن 27 ہوائی اڈوں کو 10 مئی تک کیلئے بند کر دیا گیا ہے، ان میں چنڈی گڑھ، سری نگر، امرتسر، لدھیانہ، شملہ، پٹھان کوٹ، بھوج، جودھ پور، جیسلمیر، بیکانیر، بھونتر، کشن گڑھ، پٹیالہ، جام نگر، کانڈلا، کیشود، دھرم شالہ، جموں، لیہ، گگل، بھٹنڈہ، ہلوارا، مندرا، راج کوٹ، پوربندر، ہنڈن (غازی آباد) اور گوالیر شامل ہیں۔ یہ تمام ہوائی اڈے یا تو ملٹری کے زیر کنٹرول ہیں یا سرحد کے بے حد نزدیک ہیں۔ یہ 9 مئی رات 11.59 یو ٹی سی یعنی 10 مئی کی صبح 5.29 بجے تک بند رہیں گے۔واضح ہو کہ دہلی ہوائی اڈہ فی الحال فعال ہے، لیکن کچھ پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔ مسافروں کو صلاح دی گئی ہے کہ ایئر لائن سے اپڈیٹ لیتے رہیں اور چیک اِن سے پہلے کنفرم کریں تاکہ سفر میں کسی طرح کا مسئلہ پیش نہ آئے۔ جن مسافرین کی پروازیں منسوخ ہو گئی ہیں یا ری شیڈول ہوئی ہیں ان کیلئے ضروری ہے کہ وہ اپنے ایئر لائن سے رابطہ کریں اور تازہ اَپڈیٹ حاصل کرتے رہیں۔ ساتھ ہی ہوائی اڈے پر جانے سے قبل اپنی پرواز کا اسٹیٹس چیک کر لیں۔قابل ذکر ہے کہ ایئر انڈیا اور ایئر انڈیا ایکسپریس نے ٹکٹ کینسلیشن پر جوانوں اور مسلح افواج سے منسلک افراد کو مکمل ری فنڈ اور ری شیڈولنگ پر چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ دہلی ایئر پورٹ نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ مسافر اپنی پرواز کا اسٹیٹس چیک کرنے کے بعد ہی ایئر پورٹ کے لیے نکلیں۔ ٹرمینل اور چاروں رنوے پر کارروائیاں معمول کے مطابق جاری ہیں۔