ہیلی کی یادگار وداعی اننگز، آسٹریلیا 3-0 سے کامیاب

   

ہوبارٹ، یکم مارچ (یو این آئی) ہندوستانی ٹیم کو یہاں تیسرے ونڈے میں ایک شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا جہاں مہمان ٹیم 410 رنز کے تعاقب میں 224 رنز پر ڈھیر ہوگئی ۔185 رنز کی شکست کے علاوہ ہندوستان کو تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں 3-0 کی کلین سوئپ بھی برداشت کرنی پڑی ۔قبل ازیں ایلیسا ہیلی نے اپنی آخری اننگز میں98 گیندوں پر شاندار158 رنز بنا کر ونڈے کرکٹ کو الوداع کہا، جب کہ بیتھ مونی نے ناقابل شکست سنچری اسکورکی جس کی بدولت آسٹریلیا نے ہوبارٹ میں ہندوستان کے خلاف 7 وکٹوں پر409 رنز بنائے ۔ ہیلی جو اپنی اننگز کے دوسرے حصے میں پنڈلی کی تکلیف کا شکار تھیں انہوں نے اپنے شاندارکیریئر کی بہترین اننگز میں سے ایک کھیلتے ہوئے27 چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ وہ ونڈے کرکٹ میں دو مرتبہ 150 سے زائد رنز بنانے والی چھٹی خاتون اور دوسری آسٹریلوی کھلاڑی بن گئیں، جبکہ انہوں نے صرف95 گیندوں پر اپنی150 رنز مکمل کر کے دوسرا تیز ترین ڈیڑھ سو بھی اسکورکیا۔ یہ آسٹریلیا میں خواتین ونڈے کا سب سے بڑا اسکور تھا اور ہندوستان کے خلاف کہیں بھی بنایا گیا سب سے بڑا انفرادی اسکور بھی ثابت ہوا۔ مونی نے ہیلی کے ساتھ145 رنز کی شراکت میں خاموش مگر مؤثرکردار ادا کیا۔ انہوں نے 82 گیندوں پر اپنی چھٹی ونڈے سنچری مکمل کی اور 84 گیندوں پر106 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ آخری دس اوورز میں آسٹریلیا نے37 رنز پر چار وکٹیں گنوا دی تھیں لیکن نکولاکیری نے 15 گیندوں پر ناقابلِ شکست34 رنز بناکر ٹیم کو 400 کے ہندسے سے آگے پہنچا دیا۔ ہیلی کو ابتدا میں جارجیا وول کا بہترین ساتھ ملا جنہوں نے 52 گیندوں پر 62 رنز بناتے ہوئے104 رنزکی شراکت قائم کی۔ ہندوستان کے بولروں کے لیے یہ دن بہت مشکل ثابت ہوا۔ چرنی ایک ون ڈے اننگز میں 100سے زائد رنز دینے والی تیسری خاتون بولر بن گئی۔ ان کے علاوہ دو مزید بولرز نے بھی80 سے زائد رنز دیے ۔دلچسپ بات یہ رہی کہ ہیلی کی اننگز کا آغاز رینوکا سنگھ کی میڈن اوور سے ہوا۔ کاشوی گوتم کی گیند پر ایک شاندار پل شاٹ نے ان کی رفتارکو تیز کیا۔ ایک موقع پر ایل بی ڈبلیو کا فیصلہ ڈی آر ایس کے بعد امپائرز کال قرار پایا، جس نے انہیں مزید حوصلہ دیا۔ انہوں نے پہلے49 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ بعد ازاں پنڈلی کی تکلیف کے باوجود ہیلی نے پل، سوئپ، گلائیڈ اور لافٹڈ ڈرائیوز کی بھرپور نمائش کی۔ انہوں نے صرف 79 گیندوں پر اپنی آٹھویں ونڈے سنچری مکمل کی جو کسی بھی آسٹریلوی خاتون کی جانب سے دوسرا تیز ترین سنچری اسکور تھا۔ 100 سے 150 رنز تک پہنچنے میں انہیں محض 16 گیندیں لگیں۔