یو پی کے سہارنپور میں ٹریکٹر ٹرالی ندی میں پلٹ گئی

   

8 افرادکی موت، کئی لاپتہ‘ حکومت کی جانب سے ورثاء کو مالی امداد

سہارنپور: اترپردیش کے سہارنپور میں کل دیر شام ایک بڑا حادثہ پیش آگیا۔ یہاں عقیدتمندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ندی میں پلٹ گئی۔ اس حادثہ میں دو بچوں سمیت آٹھ افراد کی موت ہوگئی ہے جبکہ تقریبا ایک درجن سے زیادہ لوگ لاپتہ ہیں۔ چیف منسٹر آدتیہ ناتھ نے سہارنپور حادثہ میں مہلوکین کے اہل خانہ کو چار‘ چار لاکھ روپے مالی امداد دینے کی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی چیف منسٹر نے ضلع انتظامیہ کو مہلوکین کے اہل خانہ کو اقتصادی مدد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔معلومات کے مطابق چہارشنبہ کی شام سہارنپور کے دیہات کوتوالی علاقہ میں بوندکی گاوں میں ایک مذہبی پروگرام سے لوٹ رہے تقریبا 45 سے زیادہ عقیدت مندوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی ڈھمولا ندی کے تیز بہاو میں پھنس گئی۔ اس کے بعد جب ڈرائیور نے ٹریکٹر ٹرالی کو ندی کے پانی کے تیز بہاو سے نکالا تو وہ بے قابو ہوگئی اور پلٹ گئی ، جس کے بعد سبھی لوگ تیز بہاو میں بہہ گئے۔مقامی لوگوں نے پولیس کو اس کی اطلاع دی اور لوگوں کو بچانے میں مصروف ہوگئے۔ کافی کوششوں کے باوجود بھی دو بچوں اور دو خواتین سمیت آٹھ افراد کی موت ہوگئی۔ اس کے علاوہ کئی عقیدت مند پانی کے تیز بہاو میں بہہ گئے۔ بارہ افراد ابھی بھی لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم ، ایس ایس پی سمیت پولیس کے اعلی افسران اور عوامی نمائندے جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور راحت و بچاو کا کام شروع کردیا۔ دیر رات تک لاپتہ لوگوں کو تلاش کرنے کیلئے ریسکیو آپریشن چلایا گیا۔ حالانکہ ابھی بھی کچھ لوگ لاپتہ بتائے جارہے ہیں۔حادثہ کے بعد سہارنپور کے ڈی ایم ڈاکٹر دنیش چندر اسپتال پہنچے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ میں اب تک آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے اور چار افراد زخمی ہیں۔ اس کے علاوہ ابھی کئی افراد لاپتہ بھی ہیں، جن کی تلاش کی جارہی ہے۔