یورپ ایران پر پابندی عائد کرنے پر متفق

   

بروسلز : پولیس کی حراست میں نوجوان خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد سے بدامنی کو روکنے کی کوشش میں ایرانی فورسز کارکنوں، صحافیوں اور حکومت کے خلاف احتجاج کرنے والوں کو غیر قانونی طور پر گرفتار کر رہی ہیں۔سفارت کاروں کا کہنا ہے کہ نوجوان خاتون مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ہونے والے مظاہروں کے خلاف جس سختی سے تہران کا کریک ڈاؤن جاری ہے، اس تناظر میں یورپی یونین کے رکن ممالک نے بدھ کے روز ایران کے خلاف نئی پابندیاں لگانے پر اتفاق کر لیا ہے۔یورپی کمیشن کی صدر ارزلا فان ڈیئر لائن نے اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں کہا: ”ایران کی بہادر خواتین آزادی اور مساوات کا مطالبہ کر رہی ہیں، وہ اقدار جن پر یورپ یقین رکھتا ہے اور ان کے لیے آواز اٹھانا ضروری ہے۔ان کا مزید کہنا تھا، ”تشدد بند ہونا چاہیے۔ خواتین کو اپنی پسند کا انتخاب کرنے کے قابل ہونا چاہیے۔ اس حیران کن تشدد کا جواب دیا جانا بہت ضروری ہے۔