یوپی کا 150 ٹن سرکاری راشن ہریانہ میں فروخت کرنے کی کوشش ناکام ، تین کنٹینر اور تین ٹریکٹر ضبط

   

لکھنؤ : اترپردیش کے سرکاری راشن کو کسی طرح ہریانہ میں بھیجنے اور وہاں فروخت کرنے کی تیاری چل رہی تھی، لیکن اس منصوبہ کو پولیس نے ناکام کر دیا۔اتر پردیش کے حمیر پور کے سمیرپور علاقہ میں پولیس اور انتظامیہ نے گزشتہ شب چھاپہ ماری کرتے ہوئے سرکاری راشن سے بھرے دو گوداموں کو سیل کر دیا ہے۔ ان گوداموں سے کنٹینر میں بھر کر سرکاری اناج دوسری ریاستوں کیلئے نکلنے والا تھا۔ پولیس نے سرکاری اناج سے بھرے تین کنٹینر اور تین ٹریکٹر کو ضبط بھی کر لیا ہے۔ ساتھ ہی گودام کے مالک کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔پولیس اور انتظامیہ کی یہ کارروائی سمیرپور تھانہ حلقہ کے فیکٹری ایریا میں ہوئی ہے۔ انتظامیہ کو خبر ملی تھی کہ فیکٹری ایریا کے دو گوداموں میں غیرقانونی طریقے سے سرکاری اناج کا ذخیرہ کیا جا رہا ہے، جس کی سپلائی دیگر ریاستوں میں کی جاتی ہے۔ خفیہ اطلاع پر جب صدر ایس ڈی ایم نے پولیس کے ساتھ چھاپہ ماری کی تو دونوں گودام سرکاری اناج سے بھرے ملے۔ رات میں کنٹینروں میں بھر کر سرکاری گیہوں اور چاول ہریانہ جانے کیلئے تیار رکھا ہوا تھا۔ چھاپہ کے دوران موجود ایس ڈی ایم رویندر سنگھ اور سی او صدر روی سنگھ نے بتایا کہ جو اناج پکڑا گیا ہے، وہ غریبوں کو دیا جانے والا اناج ہے۔