واشنگٹن : یوکرین میں امریکی سفیر برجٹ برنک نے استعفیٰ دے دیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ نے جمعرات کے روز استعفی کی کوئی مخصوص تاریخ بتائے بغیر یہ اطلاع دی۔ برنک کو سابق امریکی صدر جو بائیڈن نے یوکرین کے لیے سفیر نامزد کیا تھا اور مئی 2022 میں امریکی سینیٹ نے متفقہ طور پر اس کی توثیق کی تھی۔ وہ یوکرین کے لیے امریکی فوجی امداد کا حامی رہی ہیں۔ ان کی سبکدوشی امریکہ اور یوکرین کے تعلقات کے نازک لمحے پر ہوئی ہے ، جب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے یوکرین کے بارے میں امریکی خارجہ پالیسی میں ڈرامائی تبدیلی کا اشارہ دیا ہے اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کی کشیدہ ملاقات ہوئی ہے جس کے دوران ٹرمپ اور امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے یوکرین کے رہنما ولادیمیر زیلنسکی پر سلامتی کی ضمانتوں کے لیے امریکہ پر دباؤ ڈالنے کا الزام لگایا تھا۔