یوکرین میں ڈیم پر میزائل حملہ، سیلاب کا خطرہ

   

کیف : یوکرین میں ایک بڑے آبی ذخائر کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے میں ڈیم کے ٹوٹنے کے باعث سیلاب کے خطرے کے پیش نظر کروی ریہ کے رہائشیوں سے علاقہ خالی کرنے کی اپیل کی گئی ہے ۔صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس کو دہشت گرد ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ اس کے (یوکرین) جوابی حملے کے بدلے کے طورپر کیاگیا ہے ۔ انہوں نے کہا “آپ کمزور ہیں جو عام شہریوں اور شہری سہولیات کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ذخائر کی کوئی فوجی قیمت نہیں ہے ۔” انہوں نے زور دے کر کہا کہ دشمن ملک میدان جنگ سے بھاگ کر دور سے نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہاہے ۔دریں اثنا، روس نے مبینہ میزائل حملے پر عوامی طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ، حالانکہ روسی فوج نے تسلیم کیا ہے کہ گزشتہ ہفتے کے آخر میں مشرقی یوکرین میں پاور پلانٹس پر حملے کے سبب وہاں بلیک آوٹ کی صورت حال پیدا ہوئی ہے ۔