یوگی آدتیہ ناتھ سے سوال کرنے والی خاتون صحافی کو آن لائن دھمکیاں

,

   

لکھنؤ، 13 ستمبر( ایجنسیز)اترپردیش کے چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ سے مبینہ پریس کانفرنس کے دوران سوال کرنے والی خاتون صحافی دیویا شریواستو کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آن لائن دھمکیوں اور مبینہ طور پر بدسلوکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔صحافی نے دی پائنیر سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے چیف منسٹر سے سوالات کیے تاہم یوگی آدتیہ ناتھ مسکرائے اور بغیر جواب دیے وہاں سے چلے گئے۔ پریس کانفرنس میں موجود متعدد میڈیا نمائندوں کے مطابق چیف منسٹر نے اپنا خطاب کیا اور صحافیوں کے سوالات لیے بغیر فوری طور پر روانہ ہوگئے حالانکہ میڈیا نمائندوں کو خصوصی طور پر ’’پریس میٹ‘‘ کیلئے مدعو کیا گیا تھا۔یوگی آدتیہ ناتھ کے ہال سے روانہ ہونے کے بعد شریواستو کو پیچھے سے کہتے ہوئے سنا گیا۔ انہوں نے کہا کہوزیراعلیٰ جی، سوال کا جواب دیجیے۔ یہ پریس وارثتا ہے۔ آپ پریس کا جواب نہیں دے پا رہے ہیں، بتائیے! پھرپریس کانفرنس کیلئے بلایا کس لیے تھا؟‘‘صحافی نے مزید سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ میڈیا نمائندوں کو صرف وزیراعلیٰ کی بات سننے کیلئے بلایا گیا تھا یا صحافیوں کو سوالات کرنے کا موقع بھی دیا جانا چاہیے تھا۔اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صحافی کو مبینہ طور پر آن لائن دھمکیوں اور گالی گلوچ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔