سڑک حادثات میں پانچ افراد بشمول خاتون ہلاک

   

مقدمات کے اندراج کے بعد پولیس مصروف تحقیقات
حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) شہر و نواحی علاقوں میں پیش آئے سڑک حادثات میں 5 افراد بشمول ایک خاتون فوت ہوگئی۔ سیف آباد پولیس کے مطابق 60 سالہ کریم حسین جو بازار گھاٹ علاقہ کے ساکن تھے یہ شخص ایک خانگی اسکول میں سیکورٹی گارڈ کی خدمات انجام دیتا تھا ۔ کریم حسین موٹر سیکل پر جارہے تھے کہ راستہ میں لاپرواہی سے سڑک پر لٹک رہے تارکے سبب حادثہ کا شکار ہوگئے۔ سڑک پر لٹک رہا تار ان کے گلے میں پھنس گیا اور وہ موٹر سیکل سے گر کر شدید زخمی ہوگئے اور علاج کے دوران فوت ہوگئے۔ چیتنہ پوری پولیس کے مطابق 32 سالہ سرینو جو پیشہ سے کار ڈرائیور چیتنہ پوری علاقہ میں رہتا تھا۔ 28 اکٹوبر کی رات یہ شخص سڑک عبور کرنے کے دوران پیش آئے حادثہ میں نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر فوت ہوگیا۔ دنڈیگل پولیس کے مطابق 60 سالہ شخص سرینواس جو ڈی سی ایم ڈرائیور بتایا گیا ہے شاہ پور نگر علاقہ کا ساکن تھا کل یہ شخص پیدل جارہا تھا کہ ایک آٹو نے ٹکر دے دی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص فوت ہوگیا۔ ایل بی نگر پولیس کے مطابق 45 سالہ خاتون انجماں جو مہدی پٹنم علاقہ کے ساکن انجیا کی بیوی تھی آج تقریباً 7 بجے اس کی بیٹی راجیشوری کے ساتھ سڑک عبور کررہی تھی کہ ساگر رنگ روڈ پر دودھ کی گاڑی کی زد میں آکر ہلاک ہوگئی۔ چوٹ اپل پولیس کے مطابق 32 سالہ ناگراجو جو پیشہ سے لاری ڈرائیور تھا 27 اکٹوبر کو یہ شخص اس کے بھائی کے ہمراہ موٹر سیکل پر جارہا تھا کہ ولی کنڈہ کی جانب سے آرہی کار نے انہیں ٹکر دے دی اور شدید زخمی حالت میں یہ شخص کل فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمات درج کرلئے ہیں اور مصروف تحقیقات ہے۔