تلنگانہ کے منی میونسپل انتخابات میں گلابی آندھی

   

2کارپوریشنس اور 5میونسپلٹیزپر حکمران ٹی آر ایس کی شاندار کامیابی

حیدرآباد : تلنگانہ کے منی میونسپل انتخابات میں گلابی آندھی چل گئی ہے ۔ 2کارپوریشنس اور 5 میونسپلٹیز میں حکمران ٹی آر ایس نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے تمام بلدیات پر قبضہ کرلیا ہے ۔ میونسپلٹیز جڑچرلہ ، کوتور ، نکریکل ، اچم پیٹ اور سدی پیٹ میں ٹی آر ایس نے اپنی کامیاب کے جھنڈے لہرائے ہیں ، ساتھ ہی دو کارپوریشنس میں بھی ٹی آر ایس اپنا زور برقرار رکھی ہوئی ہے ۔ کھمم میونسپل کارپوریشن میں جملہ 60 ڈیویژنس ہیں جس میں سے ٹی آر ایس نے 43 ڈیویژنس میں کامیابی حاصل کرلئے ہیں۔ اس طرح گریٹر ورنگل میونسپل کارپوریشن کے جملہ ڈیویژنس کی تعداد 66 ہے جن میں 48 ڈیویژنس میں برسراقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے کامیابی حاصل کرلی ہے۔سدی پیٹ میونسپلٹی کے 43 کے منجملہ 36 وارڈس پر ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کرلی ۔ ایک وارڈ پر بی جے پی ماباقی پر دیگر امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ۔ اچم پیٹ میونسپلٹی میں بھی ٹی آر اس نے اپنی کامیابی درج کی ہے ۔ جملہ 20وارڈس میں ٹی آر ایس نے 13 وارڈس اور کانگریس نے 6 وارڈس اور بی جے پی کو ایک وارڈ پر کامیابی حاصل ہوئی ہے ۔ جڑچرلہ میونسپلٹی کے جملہ 27 وارڈس میں ٹی آر ایس نے 23 وارڈس پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ کانگریس نے 2اور بی جے پی نے 2وارڈس پر کامیابی حاصل کی ہے ۔ ضلع رنگاریڈی کے کوتور میونسپلٹی کے جملہ 12وارڈس میں ٹی آر ایس نے 7وارڈس پر کامیابی حاصل کی ہے جبکہ کانگریس 5 وارڈس پر کامیاب ہوئی ۔ نکریکل میونسپلٹی کے 20 وارڈس کیلئے انتخابات منعقد ہوئے جس میں 11وارڈس پر ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی ۔ تمام 5 میونسپلٹیز انتخابات کے نتائج برآمد ہوئے ہیں ۔ 5 میونسپلٹیز پرٹی آر ایس نے قبضہ جمالیا ہے ۔ بعض مقامات پر کانگریس نے اپنے وجود کا احساس دلایا ہے ، بعض مقامات پر آزاد امیدواروں نے بھی چونکا دینے والا مظاہرہ کیا ہے ۔