شاہ رخ خان کے خلاف فرضی ویڈیو، مداحوں اور بالی ووڈ کی کنگ خان کو حمایت

,

   

ممبئی۔20 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پلوامہ حملے کے صدمے سے ہندوستان اب تک نکل نہیں پایا ہے تو وہیں دوسری طرف سوشل میڈیا پرطرح کی افواہیں دیکھنے کومل رہی ہیں۔ ایسی ہی ایک افواہ سوشل میڈیا پر تابڑتوڑ وائرل ہورہی ہے۔ یہ افواہ شاہ رخ خان سے جڑی ہے۔ ایک ایسا فرضی ویڈیو انٹرنیٹ پر وائرل ہورہا ہے جس میں دعوی کیا گیا ہے کہ انہوں نے پاکستان کے گیس سانحہ کے متاثرین کو 45 کروڑ روپئے دئے ہیں۔ یہ فیک نیوز وائرل ہوتے ہی لوگوں نے شاہ رخ خان پرتنقیدکرنا شروع کردیا۔ وہیں جب یہ خبر وائرل ہونے لگی تو ویڈیو کی حقیقت سامنے آئی اور پتہ چلا کہ یہ ویڈیو پوری طرح سے فرضی ہے۔ اس کے بعد شاہ رخ خان کے حمایت میں لوگ آگے آئے۔ ’’اسٹاپ فیک نیوز اگینسٹ ایس آر‘‘ کے ہیش ٹیگ کے ذریعے اس ویڈیو کے خلاف مہم چلائی۔صرف مداح ہی نہیں بالی ووڈ کے کئی اسٹارس بھی اس مہم میں شاہ رخ خان کی حمایت میں آگے آئے ہیں۔ سبھی نے سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی اس فیک نیوزکی سخت مذمت کی ہے۔ فلم ساز ہنسل مہتا نے لکھا۔ ابھی ابھی کچھ غلط خبریں شاہ رخ کے بارے میں دیکھیں۔ میں نے ابھی تک ایسا کوئی اسٹار نہیں دیکھا جو بغیر کسی شور کے ضرورت پر لوگوں کی مدد کرتا ہے۔ جو جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں ان کیلئے میں کہوں گا ہیش ٹیگ اسٹاپ فیک نیوز اگینسٹ ایس آر کے وہیں اداکار راہول دیو نے بھی ایسی خبروں کو بکواس بتاتے ہوئے سخت مذمت کی۔یاد رہے کہ جہاں ایک طرف شاہ رخ کیلئے یہ فیک ویڈیو وائرل ہو رہا ہے وہیں دوسری جانب مداح ان کے اچھے اور سماجی کاموں کو گناتے نہیں تھک رہے ہیں۔ کسی کا کہنا ہے کہ شاہ رخ نے 12 گاؤں گود لئے ہیں تو کئی لوگوں نے شاہ رخ کے نیک کام گنائے۔دریں اثناء ابھی تک اس معاملے پر شاہ رخ خان کا کوئی رد عمل نہیں آیا ہے۔