ٹی آر ایس امیدوار کے کویتا کونسل کیلئے بلامقابلہ منتخب

   

حیدرآباد ۔ 24 نومبر ۔ (سیاست نیوز) متحدہ ضلع نظام آباد کے مقامی اداروں کے کونسل انتخابات کیلئے ٹی آر ایس امیدوار کے کویتا بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں ۔ اس نشست کیلئے ریٹرننگ آفیسر نے آزاد امیدوار سرینواس کے پرچہ نامزدگی کو مسترد کردیا جس کے بعد کویتا بلا مقابلہ منتخب ہوگئیں ہیں ۔ ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ آزاد امیدوار سرینواس کے حلف نامہ میں غلطیاں پائی گئی ہیں جس کی وجہ سے ان کا پرچہ نامزدگی مسترد کردیا گیا ہے ۔ ٹی آر ایس قیادت نے کے کویتا کو دوسری مرتبہ مقامی اداروں کے کونسل انتخابات کیلئے متحدہ ضلع نظام آباد سے امیدوار بنایا ۔ کویتا نے پرچہ نامزدگی کے چار سیٹس داخل کئے تھے ۔ ماضی کے ضمنی انتخابات کے تجربہ کے پیش نظر کانگریس اور بی جے پی نے اس مرتبہ مقابلہ سے دوری اختیار کی تھی ۔ آزاد امیدوار نے پرچہ نامزدگی داخل کیا تھا وہ بھی مسترد ہوگیا ۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے بھی پرچہ نامزدگیاں مسترد ہوئی ہیں ۔ن