آئندہ انتخابات تک بی آر ایس کا نام و نشان مٹ جائیگا: مہیش کمار گوڑ

   

حقیقی کارکنوں کو عہدے، نظام آباد پارلیمانی حلقہ کا توسیعی اجلاس، دیپا داس منشی اور دیگر قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/7 جنوری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی قائدین اور کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ مجالس مقامی انتخابات کی تیاریوں میں جٹ جائیں اور متحدہ طور پر بنیادی سطح تک حکومت کی فلاحی اسکیمات سے عوام کو واقف کرائیں۔ مہیش کمار گوڑ آج نظام آباد لوک سبھا حلقہ کے توسیعی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ دیپا داس منشی، اے آئی سی سی سکریٹری وشواناتھ، انچارج وزیر جوپلی کرشنا راؤ، حکومت کے مشیران محمد علی شبیر، وینوگوپال، ضلع کانگریس صدور، ارکان اسمبلی و کونسل نے شرکت کی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل سے تلنگانہ عوام مطمئن ہیں اور مجالس مقامی کے انتخابات میں کانگریس کی شاندار کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت راج اداروں اور بلدی اداروں کے انتخابات میں عوامی مقبول قائدین کو پارٹی ٹکٹ دیا جائے گا۔ انہوں نے قائدین سے کہا کہ وہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی سے واقف کرائیں۔ مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کارکنوں کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ دس سالہ جدوجہد کے نتیجہ میں تلنگانہ میں پارٹی کو اقتدار حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور سے زیادہ فلاحی کام کانگریس کے ایک سالہ دور میں انجام دیئے گئے۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ سرکاری اور پارٹی عہدوں کیلئے قائدین کو عجلت کا مظاہرہ کرنے سے گریز کرنا چاہیئے۔ پردیش کانگریس کی صدارت تک پہنچنے کیلئے مجھے 30 سال لگے لہذا پارٹی کیڈر کو تحمل سے کام کرنا چاہیئے۔ حقیقی کارکنوں کو مستحقہ مقام دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کی قرض معافی کے علاوہ دیگر انتخابی وعدوں پر عمل آوری شروع ہوچکی ہے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ آئندہ انتخابات تک بی آر ایس سیاسی منظر سے غائب ہوجائے گی۔ بی آر ایس میں قیادت کیلئے کویتا اور کے ٹی آر میں جنگ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ ایک سال سے فارم ہاوز میں قیام کرنے والے کے سی آر کو قائد اپوزیشن کے عہدہ کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ طبقاتی سروے کے اعتبار سے مجالس مقامی میں بی سی تحفظات کا تعین کیا جائے گا۔1