آئندہ ماہ شہر میں سمر کیمپس کا آغاز، پلے گراونڈس ، سوئمنگ پولس ، ٹینس کورٹس کی تزئین نو : جی ایچ ایم سی

   

حیدرآباد۔30 مارچ(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے 25 اپریل سے سمر کیمپ کا آغاز کیا جائے گا۔جی ایچ ایم سی عہدیداروں نے 2سال کے وقفہ کے بعد شہر میں سمر کیمپس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور گذشتہ دو برسوں کے دوران کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں ہونے والے اضافہ اور لاک
ڈاؤن کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے سمر کیمپ منعقد کرنے سے گریز کیا جارہا تھا اور ان دو برسوں کے دوران مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت چلائے جانے والے سوئمنگ پولس کو بھی بند ہی رکھا گیا تھا لیکن اب عہدیدارو ںنے سوئمنگ پولس کے ذمہ دارو ںکو مکمل صفائی اور نقائص کو دور کرنے کے علاوہ دیگر امور کو مکمل کرلینے کی ہدایات جاری کردی ہیں اور کہا ہے کہ وہ 25 اپریل سے شروع ہونے والے سمر کیمپ کی تیاریوں کو مکمل کرلیں۔جی ایچ ایم سی نے جاریہ سال دونوں شہروں میں 520 پلے گراؤنڈس‘ 17 اسپورٹس کامپلکس ‘ 7سوئمنگ پول‘ 11 رولر اسکیٹنگ اور 5 ٹینس کورٹس میں سمر کیمپ کے دوران بچوں کیلئے کھیلوں کی تربیت اور مقابلوں کے انعقاد کا منصوبہ تیار کیا ہے۔مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں منعقد کئے جانے والے ان سمر کیمپ کے دوران 6 تا 16سال کے بچوں کیلئے 45 مختلف کھیلوں کی تربیت اور ان کیلئے مقابلہ جات کے انعقاد کے انتظامات کئے جار ہے ہیں اور اس سلسلہ میں کھیلوں کے ماہرین کے تقررات کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے منعقد کئے جانے والے سمر کیمپ سے تاحال 35 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوچکے ہیں اور ان استفادہ کنندگان میں کئی اہم کھلاڑی بھی شامل ہیں۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بلدی حدود میں کھیلوں کے فروغ کے سلسلہ میں جی ایچ ایم سی کی جانب سے کھیلوں کی تربیت اور بچوں میں کھیلوں کے فروغ اور ان میں مسابقتی رجحان پیدا کرنے کیلئے مقابلہ جات کا انعقاد عمل میں لایا جائے گا اور سمر کیمپ کے اوقات کار صبح 6تا8 بجے ہوں گے۔ موسم گرما کی شدت کو دیکھتے ہوئے کھیلوں کے اوقات کار اور دیگر امور کو قطعیت دینے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ امتحانات کے اختتام کے بعد شروع ہونے والے ان سمر کیمپ میں بچوں کی دلچسپی میں اضافہ ہو ۔م