آئی پی ایل کی وجہ سے آئی فون خریدا : محمد سراج

   

حیدرآباد ۔ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر محمد سراج نے انکشاف کیا ہے کہ آئی پی ایل میں جگہ پانے کے بعد انہوں نے سب سے پہلا کام آئی فون سیون پلس خریداتھا۔بعد ازاں انہوں نے سکنڈ ہینڈکارکرولا کی خریداری کی کیونکہ آئی پی ایل کھلاڑیوں کیلئے کارکافی اہم ہے ۔ وہ پلاٹینا گاڑی کب تک ڈھکیلیں گے ؟ حیدرآبادی فاسٹ بولر نے کہا کہ کار تو انہوں نے خریدی تاہم اس کو چلانا وہ نہیں جانتے تھے ۔اس کے بعد ماموں کے بیٹے کی خدمات انہوں نے کار چلانے کے لئے لی تھی۔انہوں نے کارکی خریداری کے بعد ایک تقریب کا حوالہ دیا اورکہا کہ کورولاکار میں اے سی بھی نہیں تھی۔ہمیں کار کے شیشوں کو کھلارکھنا پڑتا تھا۔راستہ سے گذرنے کے دوران لوگ ان کا نام پکارکر ہاتھ ہلاکر اشارہ کررہے تھے ۔انہوں نے ہنستے ہوئے کہاکہ ایسی صورت میں کار کا آئینہ بھی نہیں چڑھایاجاسکتا تھا کیونکہ گرمی ہورہی تھی۔ پھرآئندہ سال انہوں نے مرسیڈیزکار کی خریداری کی۔سراج فی الحال آئی پی ایل میں بنگلورو رائل چیلنجرز ٹیم میں شامل ہیں۔اس ٹیم کے بعض ارکان نے اپنے تجربات بیان کئے ۔ وراٹ کوہلی، اے بی ڈیویلریس کے ساتھ ساتھ سراج نے بھی اپنے تجربات بیان کئے ۔سراج نے اس ویڈیو میں اپنے پہلے آئی پی ایل کے انتخاب کے بعد کے تجربات بیان کئے ۔سراج پہلے سن رائزرس حیدرآباد کی طرف سے کھیلاکرتے تھے ۔