رکن کونسل مرزا رحمت بیگ شہر واپسی کے بعد لاپتہ ؟ ۔ فون مسلسل بند

   

کونسل رکنیت سے استعفی دینے کی ’ہدایت ‘نظر انداز ۔ شخصی سکیوریٹی بھی حاصل نہیں کی

حیدرآباد 30 اگست (سیاست نیوز) مجلس سے برطرف کردہ قانون ساز کونسل رکن مرزا رحمت بیگ عمرہ سے شہر واپس ہونے کے بعد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ ایک فحش ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد مجلس اتحاد المسلمین نے انہیں پارٹی سے خارج کرکے قانون ساز کونسل کی رکنیت سے مستعفی ہونے کی بھی ہدایت دی تھی ۔ سیاسی زندگی کے ہر عمل کو ’صدر محترم ‘ کی ہدایت پر انجام دینے والے رکن کونسل نے تاہم کونسل کی رکنیت سے استعفی دینے کی ہدایت پر تاحال عمل نہیں کیا ۔ گذشتہ دن مرزا رحمت بیگ نے سوشیل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کرکے کہا تھا کہ وہ عمرہ کی ادائیگی کیلئے افراد خاندان کے ہمراہ سعودی عرب آئے ہوئے ہیں ۔ تاہم معلوم ہوا ہے کہ رحمت بیگ دو دن قبل ہی شہر واپس لوٹ آئے ہیں تاہم انہوں نے شہر واپسی کے باوجود اپنی شخصی سکیوریٹی واپس حاصل نہیں کی ہے اور نہ ہی اپنے سکیوریٹی عملہ سے کوئی رابطہ ہی کیا ہے ۔ جبکہ پروٹول کے مطابق شہر واپس لوٹتے ہی وی آئی پی کیلئے سیکوریٹی دوبارہ پہنچ جاتی ہے۔ مجلس نے رحمت بیگ کو خارج کرنے کی کوئی باضابطہ وجہ نہیں بتائی ہے تاہم کہا جا رہا ہے کہ فحش ویڈیو میں رحمت بیگ کو دیکھے جانے کے بعد پارٹی نے انہیں فوری اثر کے ساتھ خارج کرنے کا اعلان کیا تھا ۔ رحمت بیگ کو کونسل کی رکنیت سے استعفی دینے کی ہدایت بھی دی گئی تھی تاہم رحمت بات اس ہدایت کے باوجود استعفی دینے سے گریز کئے ہوئے ہیں۔ رحمت بیگ کی جانب سے استعفی دینے کی ہدایت پر عمل نہ کرنے سے بھی پارٹی کی ساکھ متاثر ہونے کے اندیشے ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جا رہا ہے کہ پارٹی سے اخراج کے بعد رحمت بیگ ’ صدر محترم ‘ کی ہدایت پر عمل کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ سٹی سیکوریٹی ونگ کے حکام کی جانب سے ایم ایل سی سے رابطہ کی کوششوں کے باوجود ان کا موبائیل فون مسلسل بند بتا رہا ہے۔ مجلس سے اخراج کے بعد رکنیت سے مستعفی کروانے پارٹی ذمہ داران کی جانب سے ان سے ربط کی کوشش ناکام رہی چونکہ شہر واپس لوٹنے کے بعد بھی وہ اپنا فون بند رکھے ہیں۔ موبائیل بند ہونے پر پارٹی حلقوں میں یہ تشویش ہے کہ رحمت بیگ رکنیت سے مستعفی ہونگے یا نہیں ۔ چیرمین کونسل کے دفتر سے ربط پر پتہ چلا کہ رحمت بیگ نے استعفی پیش نہیں کیا ۔ 28 اگست کو رحمت بیگ کو مجلس نے پارٹی سے برطرف کرکے فوری مستعفی ہونے کی ہدایت دی تھی ۔ کہا جا رہا ہے کہ ایک مبینہ گھناؤنی حرکت میں ملوث ہونے پر یہ کارروائی کی گئی ہے جس کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں ایم ایل سی ٹی شرٹ اور جینس پینٹ میں ملبوس اور چہرے پر ماسک تھا ۔ اس وائرل ویڈیو کو رحمت بیگ نے مصنوی ذہانت سے ذریعہ تیار کردہ قرار دیا ہے ۔ب؍F