آخر امت کس حد تک دین سے دور ہورہی ہے ؟

,

   

نبیؐ کے اسوہ سے انحراف ، افسوس صد افسوس …
مدھیہ پردیش میں مسلم شخص کی جانب سے بیٹے کا نام ’ کرشنا ‘ رکھنا لمحہ فکر
حیدرآباد۔ اللہ کے رسول ﷺ نے امت کو اس بات کی تلقین کی ہے کہ جب ان کے ہاں بچہ کی ولادت ہو تو اس کے کان میں اذان دیں اور اس کا اچھا نام رکھیں کیونکہ نام کے اوصاف بچوں میں نمودار ہوتے ہیں۔سید المرسلین حضرت محمد مصطفی ﷺ نے فرمایا کہ اپنے بچوں کو اچھے اچھے ناموں سے پکارا کرو اور نبی اکرم ﷺ کے دور میں ناموں کے تبدیل کرنے کے بھی واقعات ملتے ہیں لیکن اب ہندستان میں سیکولر کردار کو ثابت کرنے کے لئے دین سے دوری کی مثالیں پیش کی جانے لگی ہیں جو کہ امت مسلمہ بالخصوص اکابرین کیلئے لمحۂ فکر ہے۔مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں جنم اشٹمی کے دن عزیز خان نامی شخص کو لڑکا تولد ہوا ۔ عزیز خان نے 2008 میں جنم اشٹمی کی مناسبت سے اپنے لڑکے کا نام ’کرشنا‘ رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنم اشٹمی کے موقع پر تولد ہونے والے لڑکے کی تفصیلات کے اندراج کے لئے ڈاکٹر نے جب ان سے بچے کا نام دریافت کیا تو عزیز خان نے بتایا کہ اس نے اپنے بچہ کا نام کرشنا رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر نہ صرف ڈاکٹر بلکہ عزیز خان کے رشتہ دار بھی ششدر رہ گئے اور اس کے اس فیصلہ پر اعتراض کیا لیکن عزیز خان نے کہا کہ وہ بچہ کے والد کی حیثیت سے اپنے لڑکے کا نام رکھنے کا مکمل اختیار رکھتا ہے

اور اس نے جنم اشٹمی کی مناسبت سے کرشنا نام رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔سال 2008میں تولد ہونے والے عزیز خان کے فرزند کا نام جب کرشنا رکھا گیا تو اس کی ہر گوشہ سے مخالفت کی گئی تھی لیکن اب بھی اس کا نام کرشنا ہے اور یہ لڑکا اب 12سال کا ہوچکا ہے۔عزیز خان کی اس حرکت کے متعلق کہا جا رہاہے کہ وہ سیکولر ہندستانی ہونے اور موجودہ حالات کو نظر میں رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیاتھا لیکن اس کا یہ فیصلہ غلط نظیر بن سکتا ہے کیونکہ ناموں کے اوصاف بچوں میں پائے جاتے ہیں اور اسی لئے شریعت محمدیؐ میں اچھے ناموں کے انتخاب کی تاکید کی گئی ہے۔جنم اشٹمی ہندو طبقہ اس دن مناتا ہے جس دن ہندو ؤں کے عقیدہ کے مطابق کرشنا نامی بھگوان کا جیل میں جنم ہوا تھا۔ عزیز خان نے اپنے بچہ کا نام کرشنا رکھنے کا فیصلہ کیا تھا۔عزیز خان کا کہناہے کہ جب اس نے یہ نام رکھنے کا فیصلہ کیا تو کئی گوشوں کی جانب سے اس پر اعتراض کیا گیا تھا اور افراد خاندان نے اس بات پر احتجاج بھی کیا لیکن وہ اپنی بات پر اٹل رہا اور آج اس کا لڑکا کرشنا 12 سال کا ہوچکا ہے لیکن اب کوئی اس پر اعتراض نہیں کرتا بلکہ سب ہی لوگوں نے اس کو قبول کرلیا ہے۔