ممبئی، 5 جولائی (آئی اے این ایس) بالی ووڈ سوپراسٹارعامر خان نے اپنی قریبی دوست گوری اسپرٹ سے سادہ اور نجی تقریب میں شادی کرلی۔ شادی کی تقریب اتوار5 جولائی کو منعقد ہوئی، جس میں عامر خان کے بچوں جْنید خان، ایرا خان اور آزاد راؤ خان سمیت قریبی رشتہ داروں، دوستوں اور چند ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب میں عامر خان اورگوری اسپرٹ نے کریم اور ہلکے خاکی رنگ کے روایتی ملبوسات زیب تن کیے۔ عامر خان کے ترجمان کی جانب سے جاری کی گئی تصویر میں دونوں کو شادی کے قانونی دستاویزات پر دستخط کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ اہل خانہ اور دوست بھی موجود تھے۔ بارش اور ریڈ الرٹ کے باوجود معروف ہدایت کار اشوتوش گواریکر، اداکار و ہدایت کار ویر داس اور سیاست دان راج ٹھاکرے بھی شادی میں شریک ہوئے۔ یہ عامر خان کی تیسری شادی ہے۔ انہوں نے پہلی شادی رینا دتہ سے 1986میں کی تھی، جن سے ان کے دو بچے جْنید خان اور ایرا خان ہیں۔ دونوں2002 میں الگ ہو گئے تھے۔ بعد ازاں 2005 میں عامر خان نے کرن راؤ سے شادی کی، جن کے ہاں سروگیسی کے ذریعے بیٹے آزاد راؤ خان کی پیدائش ہوئی۔ عامر اورکرن نے 2021 میں علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔گوری اسپرٹ فیشن اور بیوٹی انڈسٹری سے وابستہ رہی ہیں اور بعد میں عامر خان پروڈکشنز کے ساتھ بھی کام کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ عامر اورگوری گزشتہ 25 برس سے ایک دوسرے کو جانتے تھے، تاہم ان کے درمیان رومانوی تعلق حالیہ برسوں میں قائم ہوا۔ گوری اس سے قبل بھی شادی شدہ رہ چکی ہیں اور ان کا ایک بیٹا بھی ہے۔عامر خان نے رواں سال اپنی60 ویں سالگرہ کے موقع پر پہلی بارگوری کے ساتھ اپنے تعلقات کی تصدیق کی تھی۔ بعد ازاں فلم ساز راج کمارہیرانی کی سیریز پریتم اینڈ پیڈروکی اسکریننگ کے دوران انہوں نے اعلان کیا تھا کہ ان کی شادی 5 جولائی کو ہوگی۔عامر خان نے اس موقع پر کہا تھا ۔ شادی 5 جولائی کو ہے۔ ہم اسے گھر پر ہی کر رہے ہیں۔ یہ بہت چھوٹی اور سادہ تقریب ہوگی۔ یہ تاریخ ہمارے لیے بہت خاص ہے۔