ریونت ریڈی کو ہریش راؤ کا مکتوب
حیدرآباد۔/25 فروری، ( سیاست نیوز) سابق وزیر فینانس ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو کھلا خط جاری کرتے ہوئے آر ٹی سی کے حکومت میں انضمام کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کیا۔ ہریش راؤ نے اپنے مکتوب میں کہا کہ آر ٹی سی کے ملازمین اور ورکرس حکومت کے وعدہ کے بارے میں اندیشوں کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی معاشی صورتحال اور آر ٹی سی کے خسارہ کو دیکھتے ہوئے حکومت نے اسمبلی میں کوئی اعلان نہیں کیا ہے جبکہ سابق بی آر ایس حکومت نے آر ٹی سی کو بچانے کیلئے انضمام کا فیصلہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے پیش نظر انضمام کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا جاسکا۔ ریونت ریڈی حکومت کو انضمام کے قانون پر عمل آوری کی تاریخ کا اعلان کرنا چاہیئے۔ حکومت کی تشکیل کو ڈھائی ماہ مکمل ہوچکے ہیں لیکن آج تک آر ٹی سی کے بارے میں فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آر ٹی سی میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت کا جس دن فیصلہ کیا گیا کارکنوں کو امید تھی کہ انضمام کا جی او جاری کیا جائے گا لیکن آر ٹی سی ملازمین کو مایوسی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے آر ٹی سی کو خسارہ سے بچانے کیلئے کئی اہم قدم اٹھائے تھے۔ آر ٹی سی کو خسارہ سے منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنا بی آر ایس حکومت کی اولین ترجیح تھی لیکن ریونت ریڈی حکومت نے آر ٹی سی ملازمین کو مایوس کردیا ہے۔1