حیدرآباد ۔ 4 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے کہا کہ وعدوں کو پورا کرنے اور سرکاری ملازمین کی جانب سے کئے جانے والے مطالبات کو پورا کرنے میں آمدنی میں کمی حکومت کیلئے بڑی فکرمندی کی بات ہے۔ کل یہاں سکریٹریٹ میں تلنگانہ گزیٹیڈ آفیسرس اسوسی ایشن کی 2025ء ڈائری جاری کرنے کے بعد مخاطب کرتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ مالی چیلنجس کے باعث حکومت بعض مسائل کو حل نہیں کرپارہی ہے۔ حکومت کو ہر ماہ 18,500 کروڑ روپئے کا ریونیوحاصل ہورہا ہے جو حکومت کی ضرورت کو پورا کرنے کیلئے کافی نہیں ہے۔ حکومت چلانے کیلئے 30 ہزار کروڑ روپئے ریونیو حاصل ہونے کی ضرورت ہے۔ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور الاونسیس اور دیگر ضرورتوں کیلئے 65000 کروڑ روپئے ادا کئے جارہے ہیں۔ مزید 6,500 کروڑ روپئے قرض کی ادائیگی کیلئے ہر ماہ ادا کئے جارہے ہیں۔