ائمہ و موذنین کی طرح پاسٹرس کو ماہانہ اعزازیہ کا اعلان: ریونت ریڈی

   

فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی برقراری، کرسمس تقاریب میں شرکت
حیدرآباد: 22 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عیسائی طبقہ کو یقین دلایا کہ حکومت کی تمام فلاحی اسکیمات میں عیسائی طبقے کے مستحق افراد کو مناسب حصہ داری دی جائے گی۔ انہوں نے ائمہ و موذنین کی طرح پاسٹرس کے لیے ماہانہ اعزازیہ کی اسکیم کا اعلان کیا۔ چیف منسٹر نے آج لال بہادر اسٹیڈیم میں منعقدہ کرسمس تقاریب میں شرکت کی جس میں ہزاروں کی تعداد میں عیسائی افراد شریک ہوئے اور چیف منسٹر کی ذمہ داری سنبھالنے پر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی۔ مختلف اہم چرچس سے تعلق رکھنے والے بشپس نے ریونت ریڈی کو آشیرواد دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ تمام مذاہب کا احترام اور انہیں ترقی کے یکساں مواقع فراہم کرنا کانگریس حکومت کا بنیادی مقصد ہے۔ تلنگانہ میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کو برقرار رکھنے کے لیے حکومت ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت کی تمام اسکیمات جیسے خواتین کو 2500 روپئے امداد، 500 روپئے گیاس سیلنڈر اور آسرا پنشن میں عیسائی طبقے کے غریب اور مستحقین کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے عوامی جدوجہد کا احترام کرتے ہوئے علیحدہ ریاست تشکیل دی ہے اور 6 ضمانتوں کا وعدہ کیا ہے۔ عوام نے کانگریس پر بھروسہ کرتے ہوئے اقتدار عطا کیا۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ وہ خود کو حکمران نہیں بلکہ عوام کا خادم سمجھتے ہیں اسی لیے انہوں نے سکریٹریٹ کے دروازے عوام کے لیے کھول دیئے ہیں۔ عوامی مسائل کی سماعت کے لیے پراجاوانی پروگرام شروع کیا گیا۔ انہوں نے عیسائی اور دیگر طبقات کو ترقی میں ممکنہ حصہ داری کا یقین دلایا۔ تقاریب میں اسپیکر جی پرساد کمار، ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر، سابق وزیر محمد علی شبیر، سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو اور اعلی عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ کرناٹک، ہماچل پردیش اور تلنگانہ میں سیکولر حکومتیں تشکیل پائی ہیں۔ آئندہ عام انتخابات میں لال قلعہ پر کانگریس پرچم لہرانے آپ کی ذمہ داری ہے۔ ملک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے لیکن مرکزی حکومت کو کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ منی پور کے واقعات افسوسناک ہیں لیکن وزیر اعظم نے دورہ کی زحمت نہیں کی۔ تلنگانہ میں اندراماں راج میں تمام مذاہب کا احترام اور ترقی ہوگی۔ر