ارجنٹینا کے گول کیپر نے طویل ترین فاصلے سے گول کرنے کا ریکارڈ بنایا

   

بیونس آئرس: ارجنٹینا سے تعلق رکھنے والے گول کیپر نے ایک لیگ میچ میں ممکنہ طور پر طویل ترین فاصلے سے گول کرنے کا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ چلی کی لیگ ٹیم Cobresal میں شامل گول کیپر لینارڈو ریکویانا نے گزشتہ دنوں یہ ریکارڈ بنایا۔ انہوں نے Colo-Colo نامی مخالف ٹیم کے خلاف میچ کے 77 ویں منٹ میں ایک گول کک ماری جو بظاہر عام سی تھی۔ مگر ’کولو کولو‘ کے گول کیپر برائن کورٹس اس وقت پنالٹی ایریا سے باہر کھڑے تھے اور گیند اچھل کر ان کے سر کے اوپر سے گزر کر گول میں چلی گئی۔ مقامی میڈیا کے مطابق یہ گول 101 میٹر کے فاصلے سے کیا گیا تھا۔ اس وقت گنیز ورلڈ ریکارڈز میں یہ ریکارڈ 96.01 میٹر سے کئے گئے گول کے نام ہے جو 2021 میں برطانیہ میں ٹام کنگ نے بنایا تھا۔ ریکویانا نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ انہوں نے کلب منیجر سے کہا ہے کہ گنیز ورلڈ ریکارڈز سے رابطہ کریں اور ابھی ہم یہ جاننا چاہتے ہیں کہ فاصلے کی تصدیق کیسے کی جائے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ اسٹیڈیم سطح سمندر سے 2400 میٹر بلند تھا اور ممکنہ طور پر ان کے گول میں اس نے اہم کردار ادا کیا۔ ریکویانا نے کہا کہ وہ گیند کو پیچھے کھڑے 2 کھلاڑیوں کو دینا چاہتے تھے مگر وہ مخالف گول کیپر کو پیچھے چھوڑ کو گول پوسٹ میں چلی گئی۔