تہران میں جنرل حسین سلامی کے علاوہ کئی جوہری سائنسدان اور کمانڈر بھی شہید، شہری آبادی بھی نشانہ ۔ایرانی بیا لسٹک میزائیلوںنے 7 مقامات پر ضرب لگائی
تہران،13 جون (یو این آئی) اسرائیل نے ننگی جارحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان محمد مہدی طہرانچی اور فریدون عباسی بھی شہید ہوگئے ۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ میڈیا کے مطابق حملوں میں شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے اور کئی بچے بھی شہید ہوئے ہیں۔ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہیکہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی کڑوی اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔ اسرائیل نے جمعہ کی شام بھی ایران کے بعض مقامات پر تازہ حملے کئے۔ ایران نے صبح میں جوابی کارروائی کے طور پر لگ بھگ 100 ڈرون اسرائیل کی طرف مارے تھے ۔ شام میں ایران نے اسرائیلی دارالحکومت تل ابیب کو بیالسٹک میزائیلوں کا نشانہ بنایا ۔ خود اسرائیلی ملٹری کا کہنا ہے کہ کم از کم سات مقامات متاثر ہوئے ہیں ۔ ایران نے اسرائیل سے انتقام لینے کا عہد کررکھا ہے۔قبل ازیں اسرائیل نے کہا ہیکہ اس نے جمعہ کو ایران کی جوہری تنصیبات، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور عسکری کمانڈرز کو نشانہ بنایا ہے اور خبردار کیا کہ یہ ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا ہے ۔ ملک کی مرکزی یورینیم افزودگی تنصیب نطنز سمیت مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے ، جبکہ اسرائیل نے ممکنہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر ایمرجنسی کا اعلان کیا۔ پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی تہران میں اسرائیلی حملے میں شہید ہو گئے۔ میجر جنرل سلامی جمعہ کی شب اسرائیلی حملے میں شہید ہوئے۔ ایران کے جوہری سائنسدان اور اسلامی آزاد یونیورسٹی کے صدر محمد مہدی طہرانچی اور معروف جوہری سائنسدان اور ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی اور خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد بھی اسرائیلی حملوں میں شہید ہوگئے ہیں۔اس سے قبل ایک اسرائیلی سیکیورٹی اہلکار نے حملوں میں میجر جنرل محمد باقری کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا تھا تاہم ایرانی حکام نے محمد باقری کی شہادت کی تردید کردی۔خامنہ ای نے قوم سے اپنے پیغام میں کہا کہ صہیونی حکومت کو سخت سزا کا انتظار کرنا چاہیے ۔صیہونی حکومت نے اپنی خبیث اور خونی ہاتھوں سے ہمارے عزیز وطن میں ایک جرم کا ارتکاب کیا اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کی اور بھی زیادہ خباثت ظاہر کی۔
خامنہ ای نے کہا کہ اس حکومت کو سخت جواب کا سامنا کرنا ہوگا، انہوں نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملوں میں ہمارے کئی کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہوئے ، ان کے جانشین اور ساتھی فوراً ان کا کام سنبھال لیں گے۔