اسمبلی اجلاس کے بعد کابینہ کی توسیع : مہیش کمار گوڑ

   

حکومت کی کارکردگی سے عوام خوش، اپوزیشن بوکھلاہٹ کا شکار، کانگریس ہائی کمان مطمئن
حیدرآباد ۔ 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی سیشن کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی۔ ذات پات سروے رپورٹ کی بنیاد پر مقامی اداروں میں کانگریس پارٹی ٹکٹس تقسیم کرے گی۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی اطمینان بخش ہے۔ کانگریس پارٹی کے انتخانی منشور کے ذریعہ عوام سے جو وعدے کئے گئے ہیں، ان وعدوں کو پورا کرنے کیلئے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اور کابینی وزراء جو خدمات انجام دے رہے ہیں، وہ ناقابل فراموش ہے۔ حکومت تشکیل پانے کے پہلے سال کئی وعدوں کو پورا کیا گیا ہے۔ حکومت کی کارکردگی سے کانگریس ہائی کمان مطمئن ہے۔ ریاست کو مالی مسائل کے باوجود ترقیاتی کاموں کی انجام دہی اور فلاحی اسکیمات کی عمل آوری پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ اسمبلی کے سرمائی اجلاس کے بعد کابینہ میں توسیع ہوگی۔ اس کے علاوہ بورڈ اور کارپوریشنس کے نامزد عہدوں پر بھی تقررات کئے جائیں گے ساتھ ہی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کی ازسرنو عاملہ تشکیل دی جائے گی۔ حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں۔ صرف بی آر ایس اور بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر تنقید برائے تنقید پر کام کررہی ہے۔ حکومت کے ہر فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات میں ریاست کے عوام نے دونوں جماعتوں کو سبق سکھایا ہے۔ اپنی غلطیوں کا محاسبہ کرنے کے بجائے یہ جماعتیں ترقیاتی کاموں میں روکاوٹیں پیدا کررہی ہیں۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں عوام دونوں جماعتوں کو پھر ایک مرتبہ سبق سکھائیں گے۔ ایم ایل سی، مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔2