چیف منسٹر کا حکم ، 100 ایکر اراضی کی نشاندہی ، BCCI اسٹیڈیم تعمیر کرنے کے ساتھ ساتھ نگرانی کرے گا
حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : کھیلوں کے شعبے کو بین الاقوامی سطح پر فروغ دینے کے لیے تلنگانہ حکومت نے ایک تاریخ ساز منصوبہ تیار کیا ہے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کی ہدایت پر حکومت کے اعلیٰ عہدیدار فیوچر سٹی میں 100 ایکر اراضی پر عالمی معیار کے اسپورٹس کامپلکس اور دنیا کے سب سے بڑے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر کے لیے اراضی کی نشاندہی کا عمل تیز کردیا ہے ۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ رواں سال دسمبر 2026 میں اس بین الاقوامی اسٹیڈیم کا باضابطہ سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ اس وقت گجرات کا نریندر مودی اسٹیڈیم 1,32,000 تماشائیوں کی گنجائش والا ملک کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے ۔ فیوچر سٹی میں 100 ایکر اراضی پر تعمیر ہونے والا یہ اسٹیڈیم گنجائش اور سہولیات کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا اور بہترین اسٹیڈیم تعمیر کیا جائے گا ۔ اس منصوبے کے لیے ریاستی حکومت 100 ایکر اراضی فراہم کرے گی جب کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (BCCI) اسٹیڈیم کی تعمیر اور دیکھ بھال کے تمام اخراجات برداشت کرے گی ۔ یہ اسٹیڈیم صرف کرکٹ میچس تک محدود نہیں رہے گا ۔ بلکہ یہاں عالمی سطح کے فٹبال میچس اور بڑے میوزک کنسرٹس بھی منعقد کئے جاسکیں گے ۔ اسٹیڈیم کے لیے منتخب کی جانے والی اراضی شائقین کرکٹ کی حمل و نقل کے لیے انتہائی موزوں ترین مقام پر واقع ہوگی ۔ آوٹر رنگ روڈ مجوزہ ریجنل رنگ روڈ ، مجوزہ میٹرو ریل نیٹ ورک اور شمس آباد راجیو گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے قریب ہونے کی وجہ سے مقامی اور بین الاقوامی تماشائیوں کا یہاں پہونچنا انتہائی آسان ہوگا ۔ یہ اسپورٹس کامپلکس فیوچر سٹی ، ٹورازم زون اور نیٹ زیرو سٹی کے ماحولیاتی تصور کا ایک کلیدی اور مرکزی حصہ ہوگا۔ 2/m/b