وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی ہریش راؤ کے درمیان نوک جھونک
حیدرآباد ۔ 16 ۔ فروری : ( سیاست نیوز) : حکومت ہفتہ کو اسمبلی میں محکمہ آبپاشی پر وائیٹ پیپر جاری کرے گی ۔ آج شام میں ریاستی وزیر آبپاشی این اتم کمار ریڈی وائیٹ پیپر جاری کرنے کی تیاری سے پہونچے تھے ۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں کے اصرار پر اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار نے اسمبلی کی کارروائی 17 فروری ہفتہ کو صبح 10 بجے تک ملتوی کردی ۔ اس سے قبل اسمبلی میں ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی اور بی آر ایس کے رکن اسمبلی ٹی ہریش راؤ کے درمیان قائد اپوزیشن کے سی آر کو لے کر تلخ بحث و تکرار ہوگئی ۔ تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان اسمبلی سے اسپیکر اسمبلی نے وائیٹ پیپر کی اجرائی پر تجاویز حاصل کی ۔ سوائے بی جے پی کے تمام جماعتوں نے ہفتہ کو وائیٹ پیپر جاری کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ۔ بی جے پی کے قائد مقننہ مہیشور ریڈی نے کہا کہ 17 فروری کو بی جے پی کا قومی اجلاس ہے لہذا آج ہی وائیٹ پیپر جاری کیا جائے اور رات دیر تک ایوان کی کارروائی چلائیں ہم حکومت سے مکمل تعاون کرنے کے لیے تیار ہے ۔ انہوں نے وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی سے استفسار کیا کہ کیا وہ وائیٹ پیپر جاری کرنے کے لیے تیار نہیں ہے ۔ انہوں نے کالیشورم پراجکٹ کی سی بی آئی تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ۔ مہیشور ریڈی نے ایوان کا ایجنڈہ اچانک تبدیل کردینے پر سخت اعتراض کیا ۔ ہفتہ کے بجائے 25 فروری کو وائیٹ پیپر جاری کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا ۔ قبل از ریاستی وزیر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اسمبلی میں محکمہ آبپاشی پر وائیٹ پیپر جاری کیا جارہا ہے ۔ اتنے اہم مباحث میں قائد اپوزیشن کے سی آر کا حصہ لینا ضروری ہے ۔ لہذا وہ اسپیکر اسمبلی سے اپیل کرتے ہیں کے سی آر کو اسمبلی میں طلب کریں ۔ ان کی غلطیوں اور بے قاعدگیوں اور بدعنوانیوں کو انہیں دکھانا ضروری ہے ۔ ان ریمارکس پر ٹی ہریش راؤ کے علاوہ بی آر ایس کے دوسرے ارکان اسمبلی نے سخت احتجاج کیا ۔ ہریش راؤ نے غیر پارلیمانی الفاظ سے فوری دستبردار ہوجانے کا کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے مطالبہ کیا بصورت دیگر اسمبلی کے ریکارڈ سے حذف کردینے کا اسپیکر اسمبلی سے مطالبہ کیا ۔ وضاحت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ قائد اپوزیشن ہیلی کاپٹر میں نلگنڈہ جلسہ عام کو جاسکتے ہیں تو قریب میں رہنے والے اسمبلی کو کار میں کیوں نہیں آسکتے ۔ نلگنڈہ جلسہ عام میں کے سی آر نے چیف منسٹر ریونت ریڈی اور میرے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا ہے ۔ کے سی آر اسمبلی کا سامنا کرنے کے موقف میں نہیں ہے ۔ اسمبلی میں کانگریس اور بی آر ایس ارکان اسمبلی کی بحث و تکرار شور و غل کو دیکھتے ہوئے اسپیکر اسمبلی نے ایوان کی کارروائی ہفتہ صبح 10 بجے تک ملتوی کردی ۔۔ 2