اسمبلی چناؤ میں کانگریس اور بی جے پی کی ضمانت بھی نہیں بچے گی: پوچارم سرینواس ریڈی

   

حیدرآباد۔/12 اپریل، ( سیاست نیوز) اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی پوچارم سرینواس ریڈی نے کانگریس اور بی جے پی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے دونوں پارٹیاں سازش کررہی ہیں۔ سرسلہ میں اگریکلچرل کالج کے افتتاح کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہاکہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی کی ڈپازٹ بھی نہیں بچے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں تلنگانہ کی طرح فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات نہیں ہیں۔ انہوں نے چیلنج کیا کہ اگر کانگریس اور بی جے پی اپنی زیر اقتدار ریاستوں میں تلنگانہ کی طرح اسکیمات ثابت کریں تو وہ سیاست سے مستقل طور پر سبکدوشی اختیار کرلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانی پرچہ جات کے افشاء معاملہ میں کے ٹی آر سے استعفی کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ پبلک سرویس کمیشن کی غلطیوں کیلئے کے ٹی آر کو استعفی کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ریاست میں کچھ بھی ہو کے سی آر اور کے ٹی آر سے استعفی کا مطالبہ کیا جاتا ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی اپوزیشن کو برداشت نہیں ہے۔ر