افغانستان میں خودکش دھماکہ،گورنر محمد داؤد مزمل جاں بحق

,

   

کابل: افغانستان کے صوبہ بلخ کے طالبان گورنر محمد داؤد مزمل اپنے دفتر میں ہونے والے ایک دھماکے میں جاں بحق ہوگئے۔ فرانسیسی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق پولیس ترجمان نے بتایا کہ بلخ کے گورنر محمد داؤد مزمل سمیت دو افراد آج صبح ایک دھماکے میں مارے گئے ہیں۔ بلخ میں خودکش دھماکے میں گورنر بلخ داؤد مزمل سمیت دو افراد جاں بحق ہوگئے۔ افغان میڈیا کے مطابق دھماکاصوبائی دارالحکومت مزارشریف میں گورنرکے دفتر میں ہوا۔افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی گورنر بلخ کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ایک بیان میں ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ افغان انتظامیہ کے مطابق ابھی تک کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے، دھماکیکے مقام کو سکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا ہے۔افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے مطابق پولیس کے ترجمان آصف وزیری نے بتایا کہ دھماکا ایک انتظامی اجلاس کے دوران ہوا اور تاحال کسی گروپ نے اس کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ پولیس کمانڈر نے ایک بیان میں کہا کہ صوبائی عمارت میں گورنر کے دفتر کے قریب دوسری منزل پر ایک حملہ آور نے خود کش جیکٹ سے حملہ کیا۔داؤد مزمل اگست 2021 میں طالبان کے دوبارہ اقتدار میں آنے کے بعد کی صورتحال میں مارے جانے والے طالبان کے اعلیٰ ترین عہدے داروں میں ایک ہیں۔