الیکشن کمیشن کے ڈیٹا بیس میں مذہب سے متعلق کوئی معلومات نہیں

   

یوپی میں ’’غائب ہندو ووٹرس‘‘ کے ریمارک پر سی او او کی وضاحت، اکھلیش نے مذہب پر مبنی اعداد و شمار پر سوال اٹھایا تھا

لکھنؤ:/17 نومبر (ایجنسیز) اترپردیش کے چیف الیکٹورل آفیسر نویدیپ رنوا نے منگل کو کہا کہ الیکشن کمیشن اپنے ڈیٹا بیس میں ووٹرس کی مذہبی شناخت سے متعلق کوئی معلومات محفوظ نہیں رکھتا۔ انہوں نے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ خصوصی جامع نظرثانی (ایس آئی آر) کے عمل کے دوران کسی مخصوص مذہبی یا ذات پات کے گروپ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ان کا یہ بیان اس وقت سامنے آیا جب چیف منسٹر یوگی آدتیہ ناتھ نے دعویٰ کیا تھا کہ انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے بعد ریاست میں 1.27 کروڑ ہندو ووٹرس کے نام غائب ہوگئے ہیں۔ اس بیان پر سیاسی تنازعہ پیدا ہوگیا تھا۔رنوا نے کہا کہ الیکشن کمیشن، اس کے کسی عہدیدار یا کسی سیاسی جماعت نے انتخابی فہرستوں کی نظرثانی کے دوران کسی مخصوص مذہب، ذات یا برادری کو نشانہ بنانے کی سازش نہیں کی ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ الیکشن کمیشن کے انتخابی ڈیٹا بیس میں ووٹرس کے مذہب سے متعلق کوئی معلومات موجود نہیں ہیں۔ لہٰذا انتخابی فہرستوں سے حذف کیے گئے ناموں کی مذہب یا ذات کے اعتبار سے درجہ بندی کرنے کے لیے عوامی طور پر دستیاب ووٹر فہرستوں کا آزادانہ تجزیہ کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستیں پی ڈی ایف فارمیٹ میں دستیاب ہیں اور بازار میں موجود سافٹ ویئر ٹولز کے ذریعے ناموں کی بنیاد پر افراد کو مذہب یا دیگر شناختوں کے اعتبار سے الگ الگ زمروں میں تقسیم کیا جاسکتا ہے۔یوگی آدتیہ ناتھ کے بیان پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ چیف منسٹر کو الیکشن کمیشن سے مذہب کے لحاظ سے اعداد و شمار کیسے حاصل ہوئے؟اکھلیش یادو نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل اترپردیش کے باہر سے ووٹرس کو لاکر ریاست میں ان کے نام درج کرانے کی سازش کی جارہی ہے۔لکھنؤ کے لوک بھون میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے نویدیپ رنوا نے کہا کہ ’’اگر آپ ہماری انتخابی فہرست یا ڈیٹا بیس کا جائزہ لیں تو اس میں ووٹر کا نام، رشتہ کی نوعیت مثلاً والد، شوہر یا بیوی، متعلقہ رشتہ دار کا نام، عمر یا تاریخ پیدائش، مکان نمبر اور جنس جیسی تفصیلات موجود ہوتی ہیں۔ہمارے ڈیٹا بیس میں مذہب، ذات یا اس طرح کی کوئی دوسری معلومات شامل نہیں ہیں۔ اس لیے انتخابی فہرستوں کی بنیاد پر ان عوامل کے اعتبار سے تجزیہ کرنا ہمارے لیے ناممکن ہے۔‘‘ انہوں نے نشاندہی کی کہ ذرائع ابلاغ کے ادارے کبھی کبھار اپنے طور پر بھی اس طرح کے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہیں۔