الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری، عالمی مارکٹ میں چین کی کمپنیوں کو سبقت

   

ٹاپ 10 کمپنیوں میں 6 کا تعلق چین سے، امریکہ کی ٹیسلا 1.5 ٹریلین ڈالر سرمایہ کاری سے سرفہرست
حیدرآباد 6 اکٹوبر (سیاست نیوز) فضائی آلودگی پر قابو پانے کی مہم کے طور پر دنیا بھر میں الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ پٹرول اور ڈیزل کی گاڑیاں تیار کرنے والی کمپنیوں نے نئے رجحان کو دیکھتے ہوئے الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری پر توجہ مرکوز کردی ہے۔ کار تیار کرنے والی کمپنیوں کی مارکٹ میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے امریکہ کی ٹیسلا کو سبقت حاصل ہے جس کی مارکٹ میں سرمایہ کاری 1.4 تا 1.5 ٹریلین ڈالر تک پہونچ چکی ہے۔ چین کی BYD کمپنی 115 تا 133 بلین ڈالر کے ساتھ مارکٹ میں سرمایہ کاری کے اعتبار سے دوسرے مقام پر ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ الیکٹرک گاڑیاں تیار کرنے والی دنیا کی ٹاپ 10 کمپنیوں میں 6 کا تعلق چین سے ہے۔ اِس فہرست میں امریکہ کے علاوہ ہندوستان اور ویتنام کی کمپنیوں کو بھی سرمایہ کاری کے اعتبار سے موقع ملا ہے۔ مارکٹ سرمایہ کاری میں امریکہ کی 2 کمپنیوں نے مقام حاصل کیا ہے۔ چین کی Xiaomi نے 89 تا 105 بلین ڈالر سرمایہ کاری کے ساتھ تیسرا مقام حاصل کیا ہے۔ ہندوستان کی اتہر Ather انرجی نے 6 تا 9 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ نواں مقام حاصل کیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ نہ صرف ہندوستان بلکہ دیگر ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں الیکٹرک گاڑیوں کے رجحان میں اضافہ کے پیش نظر کمپنیوں کی سرمایہ کاری میں وسعت کا امکان ہے۔ ماحولیات کے تحفظ سے متعلق عالمی اداروں کی تحریک کے نتیجہ میں الیکٹرک کاروں کے علاوہ الیکٹرک بائیکس بھی مارکٹ میں مقبول ہوئے ہیں۔V/1/a/b