امتحان فیس کو ٹیوشن فیس کے ساتھ ملانے کے خلاف خانگی جونیر کالجس کو بورڈ آف انٹر میڈیٹ کا انتباہ

   


حیدرآباد :۔ تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹر میڈیٹ ایجوکیشن نے ہفتہ کو ریاست میں موجود تمام خانگی جونیر کالجس کو ہدایت جاری کی کہ امتحانی فیس کو ٹیوشن فیس کے ساتھ نہ ملایا جائے ۔ بورڈ نے تمام خانگی جونیر کالجس کے پرنسپلس سے کہا کہ طلبہ سے امتحانی فیس کسی شرط کے بغیر قبول کی جائے ۔ بورڈ نے انتباہ دیا کہ اس میں کسی انحراف کا سخت نوٹ لیا جائے گا ۔ بورڈ کی جانب سے جاری کئے گئے فیس ادائیگی شیڈول کے مطابق سال اول اور دوم کے ریگولر طلبہ ، ناکام امیدوار ( جنرل اور ووکیشنل ) اور حاضری سے استثنیٰ کے خانگی امیدوار ( کالج کی تعلیم کے بغیر ہیومنٹیز گروپس ) 11 فروری تک امتحان فیس ادا کرسکتے ہیں ۔ طلبہ 100 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 12 تا 22 فروری امتحان فیس ادا کرسکتے ہیں اور 500 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ 23 فروری تا 2 مارچ امتحان فیس ادا کرسکتے ہیں ۔ اسی طرح 1000 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ امتحان فیس 3 تا 9 مارچ ادا کی جاسکتی ہے ۔ 2000 روپئے دیرینہ فیس کے ساتھ امتحان فیس 10 تا 16 مارچ قبول کی جائے گی ۔ انٹر میڈیٹ سال اول ریگولر جنرل کورسیس کے لیے امتحان فیس 480 روپئے ہے اور ریگولر ووکیشنل کورسیس کے لیے 670 روپئے مقرر ہے ۔۔