انتخابات میں پیسے و طاقت کا غلط استعمال ہوا

   

نتائج سے کئی گوشوں میں بے چینی ۔ این سی پی لیڈر شرد پوار
ممبئی: مہاراشٹر اسمبلی انتخابات میں شکست کے بعد این سی پی ( پوار ) سربراہ شرد پوار نے دعویٰ کیا کہ انتخابی نظام کو کنٹرول کرنے طاقت اور پیسے کا غلط استعمال کیا گیا۔این سی پی لیڈر نے کہا کہ ایسا کسی بھی ریاست کے انتخابات میں نہیں دیکھا گیا، جیسا مہاراشٹر میں ہوا ہے۔ شرد پوار نے یہ بیان اس وقت دیا جب انہوں نے سینئر کارکن ڈاکٹر بابا ادھو سے ملاقات کی۔ بابا ادھو انتخابات میں ای وی ایم کے غلط استعمال کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ ای وی ایم میں ووٹ ڈالنے کے بارے میں کچھ لیڈروں کے دعووں میں سچائی ہے۔ تاہم فی الحال ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں انتخابات نے بہت سے لوگوں کو بے چین کر دیا ہے، پارلیمنٹ میں ہر روز 11 بجے اپوزیشن لیڈر سوال اٹھاتے ہیں، انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، لیکن ان کے مطالبات ایوان میں پورے نہیں ہوئے۔ اس سے واضح ہوتا ہے کہ پارلیمانی جمہوریت پر صحیح عمل نہیں کیا جا رہا ہے، اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو یہ درست نہیں ہے اور اس کیلئے ہمیں انہیں خبردار کرنا ہو گا۔ شرد پوار نے کہا، ای وی ایم میں ووٹوں میں کچھ فرق ہے، لیکن فی الحال اس کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔ کچھ لوگوں نے دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس معاملے میں جو بھی ممکن ہو وہ کیا جائے گا۔ دوبارہ گنتی کیلئے درخواست دی ہے، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، لیکن مجھے اس سے زیادہ امید نہیں ہے۔