اندراماں ہا ؤزنگ ٹاورس درخواست کے قواعد میں تبدیلی

   

آدھار کارڈ کے بجائے ووٹر شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور بینک پاس بک بھی قبول

حیدرآباد ۔4 ۔ اگست (سیاست نیوز) حیدراباد کے CURE علاقے میں اندراماں ٹاورس کے مکانات کیلئے درخواست دینے کے منتظر شہریوں کو حکام نے ایک بڑی راحت دی ہے ۔ اب درخواست دہندگان کو اپنا فارم جمع کرانے کیلئے حیدرآباد کے مقامی پتہ والا آدھار کارڈ اپ لوڈ کرنا لازمی نہیں ہوگا۔ عہدیداروں نے متعلقہ آن لائین ویب سائیٹ میں ضروری تبدیلیاں کرتے ہوئے نیا اور آسان پورٹل فعال کردیا ہے ۔ اسکیم کے آغاز میں یہ شرط رکھی گئی تھی کہ درخواست کے ساتھ شہر حیدرآباد کے پتے پر مشتمل آدھار کارڈ ہونا ضروری ہے ۔ تاہم اس قانون کے باعث شہر میں گزشتہ کئی برسوں سے مقیم ہزاروں مستحق افراد شدید الجھن اور تشویش کا شکار ہوگئے تھے کیونکہ ان کے پاس دیگر تمام دستاویزات موجود تھیں لیکن آدھار کارڈ پر ان کے آبائی مقام کا پتہ درج تھا ۔ بہت سے ایسے افراد جو اس شرط کے باعث درخواست داخل نہیں کرپارہے تھے ، حکومت کے ٹول فری نمبر پر مسلسل رابطہ کر کے اپنی شکایت درج کروارہے تھے ۔ عوام کی اس بڑی پریشانی کو مد نظر رکھتے ہوئے عہدیداروں نے فوری اقدام کرتے ہوئے پورٹل میں ترمیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ درخواست گزار اب اپنے آدھار کارڈ کے بجائے ووٹر شناختی کارڈ ، ڈرائیونگ لائسنس یا بینک پاس بک میں کسی بھی ایک دستاویز کو بطور شناختی ثبوت اپ لوڈ کرسکتے ہیں ۔ اگرچہ کہ آدھار کارڈ میں حیدرآباد کاپتہ اپ لوڈ کرنا اب ضروری نہیں ہے لیکن درخواست میں اپنا آدھار نمبر درج کرنا اب بھی لازمی رہے گا ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ان تبدیلیوں کا مقصد زیادہ سے زیادہ مستحق اور غریب شہریوں کو اندراماں ہاؤزنگ اسکیم کا فائدہ پہنچانا ہے تاکہ کوئی بھی اہل خاندان اس موقع سے محروم نہ رہے۔2/i/k