انچارج سی ای او وقف بورڈ نے جائزہ حاصل کرلیا

   

صدر نشین بورڈ سے ملاقات ، ذمہ داریاں بخوبی انجام دینے کا تیقن
حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے انچارج چیف اکزیکیٹیو آفیسر کی حیثیت سے جناب خواجہ معین الدین ڈی ایس پی نے آج جائزہ حاصل کرنے کے بعد صدرنشین وقف بورڈ جناب محمد مسیح اللہ خان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی نئی ذمہ داریوں کو بخوبی انجام دینے کا تیقن دیا۔ انہوں نے سی ای او وقف بورڈ کے عہدہ کا جائزہ حاصل کرنے کے بعد بورڈ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور فوری طور پر طویل مدت سے زیر التواء طبی امداد کے علاوہ دیگر درخواستوں کی یکسوئی کا آغاز کردیا۔جناب خواجہ معین الدین نے بتایا کہ وہ انچارج سی ای او کی حیثیت سے دفتری امور کو بہتر بنانے کے علاوہ آئمہ و مؤذنین کے مشاہرہ کی ہر ماہ پابندی کے ساتھ اجرائی پر توجہ مرکوز کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف ایکٹ کے مطابق جلد از جلد تلنگانہ ریاستی وقف بورڈ کے اجلاس کے انعقاد کے سلسلہ میں اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا اور صدرنشین وقف بورڈ سے مشاورت کے بعد تاریخ کا تعین کرتے ہوئے اجلاس کے انعقاد کو قطعیت دی جائے گی۔ جناب سید خواجہ معین الدین نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے انہیں تفویض کی گئی ذمہ داریوں کو بہتر انداز میں نبھانے کے ساتھ وہ اوقافی جائیدادوں کے متعلق عدالتو ںمیں زیر دوراں مقدمات میں بہتر پیروی وجائیدادوں کے تحفظ کے لئے ممکنہ اقدامات کو یقینی بنائیں گے۔م