انڈر گراونڈ ٹینکس کے تعمیری کام جلد مکمل کرنےجی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو داناکشور کی ہدایت

   

حیدرآباد ۔ 24 نومبر (سیاست نیوز) پرنسپل سکریٹری محکمہ بلدی نظم و نسق اور شہری ترقی ایم دانا کشور نے کل گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (جی ایچ ایم سی) کے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ شہر کے حدود میں انڈر گراونڈ ٹینکس کے تعمیری کام جلد مکمل کرنے کیلئے کاموں میں تیزی پیدا کی جائے۔ انہوں نے لیک ویو گیسٹ ہاؤز کے باب الداخلہ اور سکریٹریٹ کے روبرو انڈر گراونڈ ذخائرآب کے تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے داناکشور کو بتایا کہ تجرباتی اساس پر شہر کے 12 مقامات پر 10 تا 40 لاکھ لیٹر کپاسٹی کے انڈر گراونڈ ٹینکس کی تعمیرات شروع کی گئی ہیں، ان میں چار مکمل ہوگئے ہیں۔ پرنسپل سکریٹری بلدی نظم و نسق کے مطابق انڈر گراونڈ ٹینکس کی تعمیر بارش کے پانی کی نکاسی اور پانی کو سڑکوں پر جمع ہونے نہ دینے کیلئے کی جارہی ہے تاکہ ٹریفک کے مسائل نہ ہوں اور ٹریفک کے بہاؤ میں آسانی ہو۔ اس دوران ریاستی حکومت کی جانب سے 7 تا 9 ڈسمبر ٹینک بنڈ، سکریٹریٹ اور نیکلس روڈ پر منعقد کی جانے والی ’پرجاپالنا۔ پرجا وجیوتسوم‘ تقاریب کے پیش نظر داناکشور نے عہدیداروں کو ان علاقوں کو مربوط کرنے والی سڑکوں کو صاف اور خوبصورت بنانے کی ہدایت دی۔