انڈیگو طیارہ کے لینڈنگ گیئر میں خرابی

   

نئی دہلی ۔15؍نومبر( ایجنسیز)انڈیگو کی ایک پرواز میں تکنیکی خرابی آنے کے بعد پونے ایئرپورٹ پر اس کی بحفاظت لینڈنگ کرائی گئی۔ طیارے میں سوار تمام مسافر محفوظ ہیں۔حکام نے بتایا کہ اتوار 15 نومبر کو پونے سے گوہاٹی جا رہی انڈیگو کی پرواز 6E 0623 میں مسافروں اور عملے کے ارکان سمیت مجموعی طور پر 192 افراد سوار تھے۔ اڑان بھرنے کے کچھ ہی دیر بعد طیارہ میں تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی۔ پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرول کو اطلاع دی کہ ٹیک آف کے بعد طیارے کا لینڈنگ گیئر (انڈر کیریج) اندر نہیں جا سکا اور باہر ہی رہ گیا۔پرواز میں تکنیکی خرابی کی اطلاع ملتے ہی پونے ایئرپورٹ انتظامیہ نے اے ٹی سی، انڈیگو اور دیگر متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔
ہندوستانی فضائیہ نے ’فل ایمرجنسی‘ کا اعلان کر دیا جس کے بعد تمام مقررہ ہنگامی کارروائیاں فوری طور پر شروع کر دی گئیں۔ اس کے بعد طیارہ پونے ایئرپورٹ پر بحفاظت اتر گیا۔طیارہ کے مکمل طور پر محفوظ اور معمول کی حالت میں ہونے کی تصدیق کے بعد اے ٹی سی نے فل ایمرجنسی ختم کردی۔ یہ پورا آپریشن مقررہ ہنگامی طریقہ کار کے تحت انجام دیا گیا جس میں مسافروں اور عملے کی حفاظت کو اولین ترجیح دی گئی۔