پٹنہ: انڈیگو کے ایک مسافر طیارہ میں تکنیکی خامی کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد اس کی ایمرجنسی لینڈنگ کرانی پڑی۔ طیارہ میں سوار سبھی مسافرین محفوظ ہیں اور کسی کو نقصان نہیں پہنچا ہے۔ آج پٹنہ ایئرپورٹ پر اس وقت افرا تفری مچ گئی جب دہلی کیلئے روانہ انڈیگو فلائٹ میں پرواز کے فوراً بعد ہی تکنیکی خامی کی خبر ملی۔ پٹنہ ایئرپورٹ سے 12.58 بجے انڈیگو فلائٹ 2074 نے پرواز بھری تھی۔ پرواز کے کچھ دیر بعد ہی اس میں خرابی کی جانکاری ملی جس کے بارے میں پتہ چلتے ہی طیارہ میں سوار مسافر پریشان ہو گئے۔پٹنہ ایئرپورٹ کو ایئر ٹریفک کنٹرول سسٹم کے ذریعہ ملی اس اطلاع کے بعد سب کچھ سنبھالنے کیلئے فوری طور پر تیار ہونا پڑا۔ پھر کچھ ہی دیر کے اندر پٹنہ میں ہی اس طیارہ کی محفوظ ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔