بھوبنیشور۔ 5 اکتوبر (آئی اے این ایس) اوڈیشہ حکومت نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کے تحت آنے والے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تعلیمی سال 2026-27 کے لیے طلبہ یونین کے انتخابات 15 اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔ یہ انتخابات 8 سال کے طویل وقفے کے بعد کرائے جا رہے ہیں۔ اعلیٰ تعلیم کے محکمہ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں انتخابی پروگرام کا اعلان کیا گیا ہے۔انتخابی شیڈول کے مطابق کالجوں میں 7 اکتوبر کو انتخابات کا اعلامیہجاری کیا جائے گا، جبکہ 9 اکتوبر کو امیدوار اپنے کاغذاتِ نامزدگی داخل کریں گے اور اسی روز ان کی جانچ پڑتال بھی کی جائے گی۔ کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے اور امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کرنے کی آخری تاریخ 10 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔دریں اثنا، 14 اکتوبر کو ’’وائی آئی اسٹینڈ فار‘‘ اجلاس منعقد ہوگا، جس میں امیدوار طلبہ کے سامنے اپنے انتخابی موقف اور ترجیحات پیش کریں گے۔ رائے دہی 15 اکتوبر کو ہوگی۔ اسی روز ووٹوں کی گنتی اور نتائج کا اعلان بھی کیا جائے گا، جبکہ نومنتخب طلبہ یونین کے ارکان کی حلف برداری کی تقریب 16 اکتوبر کو منعقد ہوگی۔اوڈیشہ میں طلبہ یونین کے باقاعدہ انتخابات آخری مرتبہ 2017 میں ہوئے تھے۔