اٹلی کے اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت

   

سریدھر بابو سے اٹلی کے سفیر کی ملاقات، باہمی تعاون کیلئے شعبہ جات کی نشاندہی

حیدرآباد 21 اپریل (سیاست نیوز) وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے اڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں اٹلی کے اداروں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ سریدھر بابو نے کہاکہ اڈوانسڈ مینوفیکچرنگ کے شعبہ میں تلنگانہ بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی کے موقف میں ہے لہذا اٹلی کی کمپنیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کا جائزہ لینا چاہئے۔ ہندوستان میں اٹلی کے سفیر انٹونیو بارتولی کی زیرقیادت اعلیٰ سطحی وفد نے سکریٹریٹ میں سریدھر بابو سے ملاقات کی۔ اُنھوں نے تلنگانہ میں سرمایہ کاری کے امکانات اور مواقع کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے اٹلی کے سفیر سے خواہش کی کہ وہ اپنے ملک کی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کی ترغیب دیں۔ ملاقات کے دوران ڈکشنری، انجینئرنگ، انڈسٹریل آٹومشن، آٹو موٹیو سسٹم، فارماسیوٹیکلس اور فوڈ پروسیسنگ شعبہ جات میں تلنگانہ اور اٹلی کے درمیان باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ سریدھر بابو نے کہاکہ اٹلی یوروپ میں تیز رفتار معاشی ترقی کا مرکز بن چکا ہے۔ انڈسٹری، روبوٹک، کلین موبیلٹی اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبہ جات میں اٹلی کا مظاہرہ بہتر ہے۔ تلنگانہ حکومت حیدرآباد کو گلوبل مینوفیکچرنگ مرکز میں تبدیل کرنے کے لئے موافق سرمایہ کاری پالیسیوں کو اختیار کیا ہے۔ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو انفراسٹرکچر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اٹلی کے ساتھ اشتراک کی صورت میں تلنگانہ میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ اُنھوں نے اٹلی کے اداروں سے کہاکہ وہ سرمایہ کاری کے سلسلہ میں ٹی ہب، وی ہب، جینون ویلی، میڈیکل ڈیوائسیس پارک، یونیورسٹیز اور ریسرچ انسٹی ٹیوٹس سے مشاورت کریں۔ اُنھوں نے کہاکہ اٹلی کے ایک قابل اعتبار پارٹنر کے طور پر رول ادا کرے گا۔ اٹلی کے سفیر برتولی نے کہاکہ یہ ملاقات اٹلی اور تلنگانہ کے درمیان پارٹنرشپ میں اضافہ میں مددگار ثابت ہوگی۔ اُنھوں نے اُمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کی صنعتیں باہمی دلچسپی کے شعبہ جات میں اشتراک کریں گی۔ i/k/V/1