اپل میں غیر قانونی ادویات کے گودام پر دھاوا

   

6.70 لاکھ روپے کی ادویات اور طبی آلات ضبط
حیدرآباد۔/19 فروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن نے ملکاجگری ضلع کے اپل منڈل میں غیر لائسنس یافتہ گودام پر دھاوا کرتے ہوئے 6.70 لاکھ روپے کی ادویات کو ضبط کرلیا جنہیں غیرقانونی طور پر رکھا گیا تھا۔ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے عہدیداروں نے مصدقہ اطلاع ملنے پر لکشمی نگر کالونی میں واقع گودام پر دھاوا کیا جہاں کسی لائسنس کے بغیر وینکٹ سریش بابو نے گودام قائم کیا تھا۔ عہدیداروں نے تلاشی کے دوران بڑے پیمانے پر مختلف ادویات کو ضبط کیا۔ ادویات کے علاوہ کئی طبی آلات بھی ضبط کئے گئے جن کی جملہ مالیت 6.70 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ اسسٹنٹ ڈائرکٹر شاہ میر پیٹ شریمتی انجم عابدہ ، ڈرگس انسپکٹر اپل ڈاکٹر بی لکشمی نارائنا، ڈرگس انسپکٹر شاہ میر پیٹ بی پراوین اور ڈرگس انسپکٹر میڈی پلی پی امبیڈکر کی قیادت میں یہ دھاوا کیا گیا۔ عہدیداروں نے ادویات کے سیمپلس کو مزید تحقیقات کیلئے لیاب روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ادویات سربراہ کرنے والے ہول سیلرس اور ڈیلرس کو اسٹاک کیلئے لائسنس کا حصول ضروری ہے۔ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کی جانب سے لائسنس جاری کیا جاتا ہے۔ بغیر لائسنس کے ادویات کا اسٹاک کرنے پر پانچ سال کی قید کی سزاء ہوسکتی ہے۔ ڈائرکٹر جنرل بی کملاسن ریڈی نے عوام سے اپیل کی کہ ادویات کی سربراہی اور اسٹاک سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کی ٹول فری نمبر1800-599-6969 پر اطلاع دیں۔1