حیدرآباد۔/8مارچ، ( سیاست نیوز) ہیومن رائیٹس فورم تلنگانہ نے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں کی نسل کشی کے خلاف اسرائیل سے کئے گئے تمام معاہدوں کو منسوخ کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ فورم نے عصری ڈرونس کی سربراہی کے سلسلہ میں اڈانی گروپ اور اسرائیل کے درمیان حالیہ معاہدہ کی مذمت کی۔ ہیومن رائیٹس فورم نے کہا کہ فلسطینیوں کی نسل کشی میں مدد کیلئے یہ معاہدہ مددگار ثابت ہوگا۔ حکومت ہند کو چاہیئے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ تمام معاہدات منسوخ کرے۔ فورم نے کہا کہ اڈانی ایلبٹ اڈوانس سسٹم انڈیا لمیٹیڈ نے حیدرآباد میں مشترکہ وینچر قائم کیا ہے تاکہ عصری نوعیت کے ڈرون سسٹم تیار کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں اڈانی ڈیفنس اینڈ ایرواسپیس نے اسرائیل کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ عصری نوعیت کے حامل ڈرونس اسرائیل کے باہر تیار ہونے والے واحد ڈرونس ہیں۔ تلنگانہ حکومت نے اڈانی گروپ کے ساتھ حال ہی میں 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری کا معاہدہ کیا ہے۔ ہیومن رائیٹس فورم نے غزہ میں مستقل طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے فلسطینیوں سے اظہار یگانگت کیا۔ فورم نے کہا کہ اسرائیل کو حال ہی میں 20 عصری ڈرونس سربراہ کئے گئے۔ کئی ممالک نے اسرائیل سے اپنی تائید کو واپس لے لیا لیکن اڈانی گروپ اسرائیل کی مدد کررہا ہے۔ ہیومن رائیٹس فورم کے کنوینرس وی ایس کرشنا اور ایس جیون کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ ہندوستان کو فلسطینی عوام کے حق میں موقف اختیارکرنا چاہیئے تاکہ فلسطینیوں پر مظالم کو روکا جاسکے۔ ہرمز 900 نامی یہ عصری ڈرون 300 کیلو تک کا وزن کامیابی سے منتقل کرسکتے ہیں جس کے ذریعہ فلسطینیوں پر بم گرائے جارہے ہیں۔ فورم نے کہا کہ اسرائیلی حکام ہندوستانی میگرینٹ ورکرس کو فلسطینی عوام کے خلاف استعمال کررہے ہیں اور ان کے تقررات کئے جارہے ہیں۔1