ایران اختلاف رائے کو دبانے سزائے موت کو ہتھیار بنانا بند کرے:یو این

   

جنیوا : اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر والکر ترک نے کہا ہے کہ ایران اختلاف رائے کو دبانے کیلئے سزائے موت کو ہتھیار بنا رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر نے مزید کہا کہ ایران میں جاری مقدمات بین الاقوامی قانونی معیار پر پورا نہیں اترتے۔انہوں نے کہا کہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ ایران میں چار افراد کو سزائے موت دی جا چکی ہے جبکہ مزید 2 افراد کو پھانسی دی جانے والی ہے،یہ اقدامات عالمی حقوق انسانی کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتے ہیں۔اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمشنر کے مطابق ایران میں سزائے موت ریاستی قتل کے مترادف ہے۔ ترک نے کہا کہ ایرانی انتظامیہ مظاہرین کو سزا دینے اور مخالفین کو مٹانے سمیت عوام میں خوف و ہراس پیدا کرنے کیلئے سزاوں کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہے ،ہمارا مطالبہ ہے کہ ایران عوام کی زندگیوںکاحترام کرتے ہوئے موت کی سزاوں کو روکے۔