نئی دہلی : سپریم کورٹ نے ای کامرس شعبے کی معروف کمپنیوں ایمیزون اور فلپ کارٹ کو بڑا جھٹکہ دیتے ہوئے ان کے خلاف کمپٹیشن کمیشن آف انڈیا (سی سی آئی) کی جانچ میں مداخلت سے انکار کردیا۔ مسابقتی قانون کی خلاف ورزی کیلئے دونوں کمپنیو ں کے خلاف سی سی آئی کی جانچ چل رہی ہے ۔ چیف جسٹس این وی رمن ، جسٹس ونیت سرن اور جسٹس سوریہ کانت کی ڈویژن بنچ نے اس معاملے میں کرناٹک ہائی کورٹ کے فیصلے میں مداخلت کرنے سے انکار کر دیا۔ تاہم عدالت دونوں کمپنیوں کو جانچ میں شامل ہونے کے لیے چار ہفتے کا وقت دیا ہے ۔دونوں کمپنیوں نے ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ہائی کورٹ نے غیر مسابقتی کاروبار کے لیے دونوں کمپنیوں کے خلاف سی سی آئی کی جانب سے شروع کی گئی ابتدائی تفتیش(پی ای) میں مداخلت سے انکار کر دیا۔