ایودھیا بھومی پوجن ‘ شہر میں سخت چوکسی

,

   

حساس علاقوں میں پولیس پکٹس۔ ڈی جے ایس کا احتجاج
حیدرآباد: ایودھیا میں 5 اگست کو رام مندر بھومی پوجا کے پیش نظر شہر میں چوکسی اختیار کر لی گئی ہے۔ مرکزی انٹلیجنس ایجنسی کی جانب سے بھی الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ شہر کے تمام حساس علاقوں بشمول پرانے شہر میں پولیس کڑی نظر رکھے ہوئے ہے۔ اس کے علاوہ حساس علاقوں میں پولیس پکٹس تعینات کئے جا رہے ہیں۔ حیدرآباد و سکندرآباد کی مندروں میں کل خصوصی پوجا کی جائیگی جس کے پیش نظر گشت میں شدت پیدا کردی گئی ہے۔ مختلف مسلم تنظیموں پر پولیس اور انٹلیجنس نگرانی رکھے ہوئے ہے اور کئی افراد کو نظر بند کئے جانے کا منصوبہ ہے۔ شہر کے کئی علاقوں میں تلاشی مہم جاری ہے۔ اسی دوران درسگاہ جہاد و شہادت کارکنوں نے پرانے شہر میں رام مندر کیلئے بھومی پوجا کے خلاف احتجاج کیا اور نعرہ بازی کی۔ صدر ڈی جے ایس ایم اے ماجد کی قیادت میں کارکنوں نے بابری مسجد کی بازیابی کے حق میں نعرے لگائے اور رام مندر مستقبل کی آیا صوفیہ مسجد ہونے کا دعویٰ کیا۔ خواتین سعید آباد نے بھی رام مندر کی سنگ بنیاد کے خلاف دعائیہ اجتماع کیا جس میں ان غاصبین کیلئے بد دعائیں دیں جو اس پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں۔ خواتین سعید آباد نے کہا کہ بابری مسجد کی بازیابی کیلئے جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک شہید کی گئی مسجد کو اسی مقام پر دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ اس موقع پر تمام مسلمانوں سے یہ اپیل کی ہے کہ 5 اگست بروز چہارشنبہ کو یوم سیاہ منائیں اور اپنے گھروں پر سیاہ پرچم لہرائیں۔